کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک نازک صورتحال سے دوچار ہے، فی الفور نئے شفاف انتخابات ہی موجودہ بحران کا حل ہے، جعلی نظام واماموں کی وجہ سے ملک دیوالیہ اور عوام دووقت کی روٹی کیلئے پریشان ہین، عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہ رکھنے والے لوگوں کو حق حکمرانی نہیں ہونا چاہئے، ملک میں حقیقی ومثبت تبدیلی کیلئے اب جماعت اسلامی کو موقع ملنا چاہئے کیونکہ قیام پاکستان سے ابتک برسراقتدار آنے والے حکمرانوں نے ملک وقوم کو مسائل سے نجات دلانے کی بجائے سبز باغ دکھائے اور ذاتی مفادات کی تکمیل کی ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے مدرسہ سراج القرآن والحدیث پکا چانگ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ بعدا زاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے قومی خزانے کو لوٹ مار کا مال سمجھ رکھا ہے،کھاتے یہاں کا ہیں اور بنک بلنس سمیت ملکیتیں بیرونی ممالک میں جاکر بناتے ہیں۔ ایماندار قیادت ہی ملک کو موجودہ مسائل کے دلدل سے نکال سکتی ہے، دنیا میں جن ممالک نے بھی ترقی کی ہے اس کی واحد وجہ ان کی ایماندار قیادت ہے۔پاکستان ایک زرعی ملک ہے مگر آٹا چینی اور دالوں کی قیمتیں بڑھنا لمحہ فکریہ ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ12مئی سمیت 25سال سے کراچی میں قتل وغارتگری وبوری بند لاشوں کی سیاست کرنے والی ایم کیو ایم کو دوبارہ سندھ حکومت میں شامل کرنا عوامی مینڈیٹ کی توہین اور پیپلزپارٹی کا یہ فیصلہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہوگا، سندھ میں امن وامان اور قبائلی جھگڑوں کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن اور حکومت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے،اس موقع پر امیر ضلع خیرپورمولانا ثناء اللہ منصوری،مقامی امیر عبدالحلیم آرائیں، مولانا عزیز شر، مہتمم مدرسہ حفیظ الرحمن،سعید الرحمان بھی موجود تھے۔
محمدحسین محنتی کا روزنامہ نئی بات اورنیونیوزکے اشتہارات کی بندش پراظہار تشویش
امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے حکومت کی جانب سے روزنامہ نئی بات اورنیونیوزکے اشتہارات کی بندش پراظہار تشویش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کارکنوں کا معاشی قتل عام کرنے کی بجائے اشتہار فوری طور پر بحال کئیے جائیں ۔
انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ بدقسمتی سے اقتدار سے قبل سیاسی جماعتیں اظہاررائے کی آزادی اورصحافیوں کے حقوق کی باتیں کرتی ہیں مگر اقتدار میں آتے ہیں وہ سب کچھ بھول جاتے ہیں ،موجودہ حکومت نے بھی اس طرح کے وعدے ودعوے کئے تھے ۔
گذشتہ نصف ماہ سے نئی بات اخبار ونیونیوز کے اشتہارات پرپابندی نہ صرف حکومتی دعووں کی نفی بلکہ صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔جماعت اسلامی اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔جہاں بھی میڈیا کے ساتھ ناانصافی ہوگی جماعت اسلامی مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔