کراچی(صباح نیوز) معروف مزاح نگار انور مقصود نے کہا ہے کہ ا لخدمت وہ کام کر رہی ہے جو ریاست کو کرنے چاہئیں ۔ الخدمت جیسے ادارے ملک میں موجود ہوں تو فکرکی کوئی بات نہیں ۔ نعمت اللہ خان کراچی کیلئے نعمت تھے ۔یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں الخدمت کے تحت منعقد ہ سالانہ ”ڈونرکانفرنس ” سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کہی ۔
تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن ،چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے خصوصی خطاب کیا،جبکہ معروف ٹی وی میزبان اویس منگل والا اورڈائر یکٹر کمیونٹی سروسزقاضی سید صدر الدین نے پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔انور مقصود نے کہا کہ الخدمت جیلوں میں قیدیوں کی تعلیم کیلئے بھی کام کر رہی ہے۔یہ اچھی بات ہے کہ قیدی جیلوں میں علم حاصل کر کے معاشرے میں باوقار شہری کے طور پرزندگی گزار سکتے ہیں ۔
انور مقصود نے کہا کہ لوگوں سے مدد کی اپیل کرنا مناسب بات نہیں ،لوگوں کو خودآگے آکر الخدمت کی مد د کر نی چاہیے۔انور مقصود نے اپنے برجستہ جملوں سے کانفرنس کو زعفران زاربنا دیا ۔امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پرالخدمت کی پوری ٹیم کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الخدمت پورے ملک کیلئے ماڈل ہے،جماعت اسلامی اپنے قیام کے وقت سے ہی خدمات انجام دے رہی ہے،خدمت کے کاموں کا آغاز مولانا مودودی رحمة اللہ علیہ کی ہدایات کی روشنی میں شروع کیا گیاجو الحمد اللہ آج بھی جاری وساری ہیں ۔الخدمت زندگی کے تقریباً تمام شعبوں میں کام کر رہی ہے۔عوام کی خدمت کے کام ریاست کے کرنے کے ہیں ۔سندھ حکومت کا تعلیم کیلئے 77ارب ،جبکہ صحت کا بجٹ 173ارب ہے،مگر 3کروڑ کی آباد ی کیلئے صحت ہے نہ تعلیم ،پانی بھی لوگ خرید کر پیتے ہیں ۔یہ ہمارے ٹیکسز کے پیسے ہوتے ہیں۔ریاست کا بدل ریاست ہوتی ہے ۔سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ ہم اپنے پیسوں کی نگرانی کریں ۔مردم شماری میں آبادی کوکم ظاہرکیا جاتا ہے،اب ہم امن بھی خرید رہے ہیں ۔ہم سب کچھ خرید کراستعمال کر رہے ہیں ۔کراچی کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ ہمارا ساتھ دیں ۔
انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی کی ایمانداری کی مثال سب کے سامنے ہے ۔ حکومتوں میں اس طرح کے لوگ ہوں تو ہم یہ نظام ان کے ہاتھوں میں کیو ں نہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک لیب قائم کی جا رہی ہے،جس میں سی ٹی اسکین ،ایم آرآئی ،ڈیسکا ،میموگرافی سمیت ٹیسٹ کی جدید سہولتیں دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ الخدمت ملک سے باہر بھی لوگوں کی خدمت کر رہی ہے،اس نے ترک تنظیموں کے تعاون سے جنگ سے متاثرہ فلسطینی مسلمانوں کی بھرپور مددکی ۔وہاں اب ایک اسپتال قائم کیا جارہا ہے،شام کے پناہ گزینوں کیلئے بھی بھرپور کام کیے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہلیان کراچی سمیت پاکستان اور پاکستان سے باہر موجود ہم وطنو ں سے کہتا ہوں کہ ہماراساتھ دیں ۔چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت 7شعبہ جات میں کام کر رہی ہے ،جوزند گی کے تمام شعبوں کا احاطہ کرتی ہے۔انہوں نے تعلیم ،صحت ،صاف پانی ، مواخات ،کمیونٹی سروسز،کفالت یتامی ٰ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت تمام شعبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے 9ریجنل آفس ہیں جبکہ ملک بھر میں اس کے150دفاتر ہیں ۔بہترین سماجی خدمات پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان عبد الشکورکو حکومت کی جانب سے نشان پاکستان کااعزاز دیا گیا ۔الخدمت کی سروسز سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے ۔ڈیڑھ کروڑسے زائد افراد ہماری سہولتوںسے استفادہ کر رہے ہیں۔ان تمام سہولتوں کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانا چاہتے ہیں ۔اہل خیر الخدمت کا ساتھ دیں ۔کا نفرنس میں آئی جی جیل خانہ جات سندھ قاضی نذیر احمد ،سینئرسپر نٹینڈنٹ ملیر جیل محمد ا رشد علی شاہ ، ایس ایس پی سینٹر ل جیل محمدحسن سہتو ، ڈپٹی چیف سی پی ایل سی مرادسونی ، ترک سماجی تنظیم ٹکا کے نمائندہ ابراہیم کٹریسی،ایرانی قونصلیٹ کے نمائندے مہدی عامر جعفری ،سپرنٹینڈنٹ انجینئر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ محمد علی شیخ ،چیف انجینئر ڈسٹربیوشن سوئی سدرن گیس کمپنی فرخ کمال ،ایگزیکٹو انجینئر مکینیکل اینڈ الیکٹریکل ڈی ایم سی ایسٹ امیتاز بھٹو،ایگزیکٹوڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی ،الخدمت کے ڈائریکٹرز ،منیجرزاورکارکنان موجود تھے۔ کانفرنس میں ریجنل الیکشن کمشنرکراچی ندیم حیدر ،چیئر مین آبادمحسن شیخانی،جاپانی قونصلیٹ کے نمائندہ ماکو ساتا ،انجمن تاجران پاکستان کے صدرچوہدری محمد کاشف ،تاجر رہنما شیخ حبیب ،اسپورٹس جرنلسٹ ماجد بھٹی،مقبول اداکارہ زیبا شہناز،انجینئر بابرخان،شاد آرائیں ،احمد باوانی ودیگر نے اظہار خیال کیا۔