راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس ایک تاریخی پیش رفت ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انہوں نے یہ بات مصر کے وزیر خارجہ سامع شکری سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے مصرکیساتھ برادرانہ قریبی تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے مابین ہرشعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں افغانستان میں انسانی صورتحال پرغور، عالمی برادری سے تعاون پربات ہو گی، خطے میں دیرپا امن استحکام کیلئے درپیش چیلنجزکا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مصری وزیرخارجہ نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کے کردارکی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔