اسپیکر نے 14 روز کے اندر اجلاس نہ بلا کر آئین کی خلاف ورزی کی، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے، اسپیکر نے او آئی سی اجلاس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس کیوں نہیں بلایا. انہوں نے جان بوجھ کر آئین سے انحراف کیا۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد کے پیش ہونے کے بعد 14 روز کے اندر اجلاس نہ بلا کر آئین سے انحراف کیا، اسپیکر نے قانون سے جو انحراف کیا ہے وہ معاملہ اب عدالت کے اندر زیر سماعت ہے اور اس پر فیصلہ اب عدالت کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے، انہوں نے او آئی سی اجلاس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس کیوں نہیں بلایا، اسپیکر نے جان بوجھ کر 14 روز کے اندر اجلاس نہیں بلایا اور آئین کی خلاف ورزی کی، اپوزیشن کو ٹریپ کرنے کے لیے اسپیکر نے اجلاس نہیں بلایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اجلاس کے باعث اپنا لانگ مارچ ملتوی کیا، او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے آنے والے رہنما ہمارے مہمان ہیں، ہمارے بھائی ہیں، ہم دل ول جان سے ان کا استقبال کرتے ہیں، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، اس حوالے سے حکومت کی جانب سے کیا جانے والے پروپیگنڈا بے بنیاد ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ پٹیشن دائر کرنے پر شکر گزار ہوں، ہماری درخواست تھی کہ سپیکر نے آئین شکنی کی، سپیکر نے 14 دن کی مدت کی خلاف ورزی کی جوآئین سے انحراف ہے، امید ہے اٹارنی جنرل نے عدالت میں جو کہا اس پرقائم رہیں گے۔