تیئس مارچ غلامی کی زنجیریں توڑنے اور قرار داد پاکستان منظور کرنے کا تاریخی دن ہے، ثمینہ احسان، نصرت ناہید


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین صوبہ شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے کہا ہے کہ23 مارچ غلامی کی زنجیریں توڑنے اور قرار داد پاکستان منظور کرنے کا تاریخی دن ہے۔ افسوس پون صدی گزر جانے کے باوجود ہم آزادی کے مقاصد حاصل نہ کرسکے۔  23 مارچ کے حوالے سے انہو ں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ23 مارچ کا دن ہماری تاریخ کا روشن دن ہے جب غلامی کی زنجیریں توڑنے اور ملک کو آزادی دلوانے کیلئے پورے ہندوستان میں امت مسلمہ یکجان ہو گئی۔ اس وقت بظاہر تو آزادی کا پروانہ حاصل کرنا مشکل تھااور ہر طرف ہندو اکثریت کا غلبہ تھا لیکن جب قوم میں جذبہ آزادی بیداد ہوا تو اس عظیم الشان تاریخی قرارداد کو پیش کیا گیا اور دنیا نے دیکھا کہ سات سال کے قلیل عرصہ میں دور غلامی کے دوران ہر تکلیف سہنے والی ناتواں قوم نے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا اور یہ مملکت خداداد ہمیں رب کائنات کے عطیہ کے طور پر 27 رمضان کو عطا ہوئی۔

جماعت کی رہنماؤں نے مزید کہا کہ آج ہمارا المیہ یہ ہے کہ 7 سال کی قلیل مدت میں انگریز اور ہندو کو شکست دینے کے باوجود آج قیام پاکستان کے اتنے طویل عرصہ کے بعد بھی ہم قیام پاکستان کے مقصد یعنی کلمہ لاالہ الااللہ کو ملک میں نظام کے طور پر نافذ نہیں کرسکے یہی اصل وجہ ہے کہ ملک ترقی کی طرف جانیکی بجائے تنزلی کا شکار ہو رہا ہے۔ نا اہل حکمرانوں کی اقتدار کے لیے کھینچا تانی، لوٹ مار، کرپشن اور ایسے ہی دوسرے ناسور ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے قوم سے کہا کہ وہ دیانت دار، اہل اور کرپشن سے پاک جماعتِ اسلامی کو اقتدار کے ایوانوں تک لائیں تاکہ قرارداد پاکستان اور مقصد پاکستان کو پایہ تکمیل تک پہنچا یا جا سکے۔