عمران خان گیم ہار چکے،نوازشریف نے آپ کو گھر میں گھس کر مارا، مریم نواز


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن )کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان گیم ہار چکے ہیں، پوری پارٹی ان کے ہاتھوں سے ریت کی طرح نکل گئی۔ نوازشریف نے باہر بیٹھ کر آپ کو گھر میں گھس کر مارا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی گنتی کبھی پوری نہیں تھی۔ کبھی آپ کہتے ہیں جو چھوڑ کر چلے گئے وہ لوٹے ہیں، کبھی انہیں کہتے ہیں واپس آ جاؤ، کچھ نہیں کہوں گاجو آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں ہمیں ان کو خریدنے کی کیا ضرورت ہے۔ ایسا حال تو کسی تانگہ پارٹی کا نہیں ہوتا۔ نوازشریف نے باہر بیٹھنے کے باوجود آپ کو گھر میں گھس کر مارا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں ان کے خلاف بیرونی سازش ہو رہی ہے، ان کے خلاف کسی ملک کو سازش کی ضرورت نہیں، یہ اپنے لیے خود کافی ہیں۔ سازش والی بات نہ کریں، لوگ آپ پر ہنستے ہیں۔ آپ کوپتہ ہی نہیں ملک کو کیسے چلایا جاتا ہے، حکومت سے 10 لوگ پورے نہیں ہو رہے۔ آپ اپنے 10 لوگ پورے کر لیں، 10 لاکھ لوگ جمع کرنیکی ضرورت نہیں۔ آپ نے نیب، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن کونیوٹرل نہیں رہنے دیا، نیوٹرل کے لفظ پر آپ کی پارٹی بکھر گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے انتقام میں عوام کا جتنا پیسہ بہایا ہے اس کا حساب ہوگا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنی فیس نیب نے اپنے وکیلوں کو لندن پراپرٹی کیس میں دی، اتنے کی تو جائیداد بھی نہیں، عمران خان نے عوام کا جتنا پیسہ انتقام میں بہایا ہے اس کا بھی حساب ہوگا۔