عوام نے آٹا، چینی، دوائی اور ان کی ترقی لوٹنے والے عمران مافیا کو مسترد کر دیا، شہباز شریف


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے آٹا، چینی، دوائی اور ان کی ترقی لوٹنے والے عمران مافیا کو مسترد کر دیا ہے۔ وہ تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت کو ایک منٹ مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ ساڑھے تین سال میں 22 برس کے اپنے ہر دعوے پریوٹرن لینے والے کا نام عمران نیازی ہے۔

ان خیالات کااظہار شہبازشریف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہبا ز شریف کا کہنا تھا کہ مسلسل بے ضمیری کا مظاہرہ کرنے والا آج اقتدار جاتا دیکھ کراخلاق اور اصولوں کے پیچھے چھپنے کی بزدلی دکھا رہا ہے۔جتنی بڑی بڑی باتیں کیں، اتنے ہی کم ظرف طرز عمل کا مظاہرہ کیا۔ بدترین مہنگائی، بے روزگاری ،اور ہر محاذ پر ناکامیوں کے ریکارڈ عوام بھول سکتے ہیں اور نہ ہی پاکستان ۔