کسی میں ہمت ہے تو او آئی سی کانفرنس میں مداخلت کرے،چیخیں آسمان تک جائیں گی، شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ اگر کسی میں ہمت ہے تو او آئی سی کانفرنس میں مداخلت کرکے دکھائے، ان کی چیخیں آسمان تک جائیں گی، کوئی حادثہ ہوا تو رہنمائوں کیخلاف ایف آئی آر دوں گا،ساری سیاست ٹی وی پر ہو رہی ہے، گرائونڈ کی سیاست 27 مارچ سے شروع ہوگی اور 5 تاریخ کو سیاست بدلے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے 8مارچ کو عدم اعتماد پیش کی گئی تھی لیکن پھر اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی کہ اسمبلی ہال وزارت خارجہ کے پاس ہوگا، 254آرٹیکل میں لکھا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی تحریک عدم اعتماد کو ختم نہیں کرسکتا لیکن حالات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کو آگے لے جاسکتا ہے، بلاول زرداری جس کے دودھ کے دانت نہیں نکلے وہ کہتے ہیں کہ اگر اجلاس نہ بلایا گیا تو او آئی سی کے خلاف اسمبلی میں دھرنا دیں گے، ذمہ داروں کا ایک فون آیا اپ نوے کے زوایے پر لیٹ گئے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ او آئی سی کو ناکام کرنے والے سامراجی ایجنٹ ہیں، میں او آئی سی کو ناکام بنانے والوں پر تین دفعہ لعنت بھیجتا ہوں، یہ لوگ اپنی شکل دیکھیں، کسی کا باپ بھی کانفرنس نہیں روک سکتا، اگر کسی میں ہمت ہے تو مداخلت کرکے دکھائے، مداخلت کرنے والوں کی چیخیں آسمان تک جائیں گی، او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے 5سے 6سو لوگ آرہے ہیں، تمام سفیروں کی کال آئی کہ ہمارے وزیر خارجہ آرہے ہیں میں نے کہا مطمئن رہیں، میں نمبرون سے دوستی اور نمبر ون سے دشمنی کرتا ہوں۔

شیخ رشید نے کہاکہ سیاست گرم ہے اور ساری سیاست ٹی وی پر ہو رہی ہے، گرائونڈ کی سیاست 27 مارچ سے شروع ہوگی اور 5 تاریخ کو سیاست بدلے گی، میں نے 4 مہینے پہلے کہا تھا کہ اپوزیشن والے 23مارچ کو اسلام آباد نہیں آئیں گے، عمران خان 27 مارچ کو جلسہ کر رہے ہیں وہ تاریخ واپس نہیں کررہے، اپوزیشن نے بھی مارچ کا کہا ہے، 27 تاریخ کے جلسے کے لیے ڈی سی کو دونوں پارٹیوں سے درخواستیں لینے اور الگ راستوں کا کہا ہے، اپوزیشن بھی جگہ دیکھ لے اور راستوں کا انتخاب کرے، جلسہ گاہ تک پہنچنے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، لیکن اگر تصادم ہوا تو اپوزیشن ذمہ دار ہوگی اور اگر کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا تو لیڈروں کو نہیں چھوڑوں گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عدم اعتماد میں ووٹنگ کے لئے کسی شخص کیلئے ووٹ ڈالنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، اصلی اور نسلی اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا، میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور میرا دل گواہی دے رہا ہے کہ اتحادی آصف زرداری کے کہنے میں نہیں آئیں گے وہ بھی عمران خان کا ساتھ دیں گے، اپوزیشن کی جانب سے سرے محل اور سوئس اکائونٹ سمیت چوری کے پیسے سے بندے خریدے جارہے ہیں، ناراض ایم این ایز سے بھی کہتا ہوں کہ مال ان کا کھائو اور ساتھ عمران خان کا دو میں آپ کا وکیل ہوں گا۔