کام نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کروتو الزامات لگادیئے جاتے ہیں، غفار وٹو


اسلام آباد(صباح نیوز) پی ٹی آئی کے ناراض رکن اسمبلی غفار وٹو نے کہاہے کہ تین سالوں میں اپنے حلقے میں ایک کام بھی نہ کرواسکا، جب کام نہ ہونے پر کوئی ناراضگی کا اظہار کرتا ہے تو ہم پر الزام لگا دئیے جاتے ہیں۔

این اے 166 بہاولنگر سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی غفار وٹو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں 2018 میں حلقہ این اے 166 بہاولنگر سے آزاد حیثیت سے جیتا ؤ اور الیکشن جیتنے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی، کیونکہ اس وقت پی ٹی آئی کا نعرہ تھا کرپشن مکا ۔

غفار وٹو کا کہنا تھا کہ میں حکومت کے ساڑھے تین سالوں میں اپنے حلقے میں ایک کام بھی نہ کرواسکا، میرا مطالبہ تھا کہ میرے حلقے کو سی پیک اور موٹروے کے ساتھ لنک کیا جائے لیکن وہ بھی نہ ہوسکا،  اور جب ہمارا کام نہ ہونے پر کوئی ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں تو ہم ہر الزام لگا دئیے جاتے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی غفار وٹو کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی وزار کی جانب سے مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے کروڑوں روپے لیے اور منحرف ہوگیا، میں پیسے لینے اور دینے والے دونوں پر لعنت بھیجتا ہوں، رشوت لینے اور دینے والا دونوں ہی جہنمی ہیں۔ میں سندھ ہائوس گیا ہی نہیں اور وہ جھوٹا الزام بھی مجھ پر لگایا گیا کہ میں سندھ ہائوس میں تھا۔