اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ( ن )کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت کے شہر بنگلورمیں قید پاکستانی خاتون سمیرا رحمان کی رہائی کیلئے بھارتی حکام کی جانب سے ضابطے کی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ممکنہ طور پر سمیرا اپنی چار سالہ بیٹی ثنا فاطمہ کے ہمراہ آئندہ ہفتے کے دوران پاکستان پہنچ جائیگی۔
اس بات کا انکشاف سینیٹر عرفان صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ادھر بنگلور کی حراست گاہ میں موجود پاکستانی خاتون سمیرا کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے کوششیں کرنے والی بھارتی خاتون وکیل سہانا بسوا پٹنا نے سمیرا کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے آواز اٹھانے پر سینیٹر عرفان صدیقی کا بھرپور شکریہ ادا کیا ہے۔
انسانی حقوق خاص طور پر خواتین کے لیے جدوجہد کرنے والی معروف بھارتی وکیل نے ٹیلیفونک پیغام میں سینیٹر عرفان صدیقی سے کہا کہ میں آپ کی بیحد شکر گزار ہوں کہ آپ نے سمیرا کا معاملہ سینیٹ میں اٹھایا۔ آپکی مدد نہ ہوتی تو ہمیں سمیرا کی رہائی کا دن دیکھنا نصیب نہ ہوتا۔ سہانا بسوا نے مزید کہا کہ آپکی اس بھرپور مدد پر میں اور سمیرا آپ کا دلی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی سہانا کی کوششوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ وہ بھارتی وکیل پاکستانی دفتر خارجہ اور عاصمہ جہانگیر لیگل ایڈ سیل سے رابطے میں ہیں اور روز انہ کی بنیاد پر معلومات حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی وزارت خارجہ سے این او سی جاری ہونے کے بعد بھارتی وزارت داخلہ نے بھی ضابطے کی تمام کاروائیاں مکمل کر لی ہیں اور پاکستانی حکام کے ساتھ سمیرا کی پاکستان واپسی کے لیے حتمی پروگرام طے کر رہی ہے۔ امکان ہے کہ سمیرا اپنی بیٹی ثنا فاطمہ کے ہمراہ آئندہ ہفتے کے دوران وطن واپس پہنچ جائیگی۔
ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ سمیرا کی والدہ فوت ہو چکی ہے تاہم والد اور بھائی موجود ہیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ امکانی طور پر سمیرا اور اسکی بیٹی کے حوالے سے ریاست کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سمیرا کی واپسی کے بعد وہ متعلقہ پاکستانی اہلکاروں کی غفلت اور فرائض سے کوتاہی کے بارے میں سینیٹ میں باضابطہ قرارداد پیش کریں گے۔