اپوزیشن غیرجمہوری طریقوں سے عمران خان کو نہ ہٹائے، اپنی سیاست کرے، فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن غیرجمہوری طریقوں سے عمران خان کو نہ ہٹائے اور اپنی سیاست کریں، یہ حق عوام کو حاصل ہے کہ وہ کس کا انتخاب کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان پر بات چیت ہونی چاہیے، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اتنی تلخیاں پیدا نا کریں کہ ساتھ بیٹھنا ہی مشکل ہوجائے، تلخیاں بڑھ رہی ہیں جنہیں کم ہونا چاہیے،منحرف ارکان کے خلاف عوام میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ منحرف اراکین پر پولیس پہرہ دے رہی ہے، ایک دو افراد نے تو ہمیں فون کرکے بھی بتایا کہ ہمیں باہر نہیں نکلنے دیا جارہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین میں سے ایک کے بھائی نے کال کرکے بتایا کہ ہمارا بھائی سندھ ہاوس میں قید ہے، اسے وہاں سے چھڑائیں، انہوں نے وہاں پر بندشیں لگائی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ 1985/1988 والا دور نہیں ہے، اب جو بھی عمران خان کو دھوکا دے گا وہ بے آبرو ہوگا اور اس کی ٹکے کی عزت نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ اپوزیشن نے انہیں پیسے زیادہ دے دیے ہیں، یہ نا ہو کہ واپس لوٹنے پر ان سے پیسے واپس مانگ لیے جائیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ استعفی دیکر یہ لوگ جس کو چاہیں ووٹ دیں لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ عمران خان کے نام پر ووٹ لیں اور پھر لوٹے بن کر خود کو بیچنا شروع کردیں، میں اب بھی کہنا چاہتا ہوں کہ توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا ہوتا ہے، یہ لوگ واپس آجائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر کسی کو لگتا ہے کہ عمران خان کو بلیک میل کیا جاسکتا ہے تو یہ غلط فہمی دور کرلیں، عمران خان نے کسی سے بلیک میل نہیں ہونا۔سندھ ہاوس میں جو کچھ ہوا اس کے لیے پی ٹی آئی نے کوئی احکامات جاری نہیں کیے تھے، ایسا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے تھا لیکن اس کے ذمہ دار ان لوگوں کا اپنا رویہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تصادم کا کوئی امکان نہیں ہے، ہم اپنا جلسہ کریں گے اور اپوزیشن اپنا جلسے کرے، اپنی اپنی علیحدہ تاریخ اور مقام طے کرلیا جائے۔حکومت اور فوج کے ایک پیج پر ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سارے ایک پیج پر ہی ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہرحال یہ تاثر موجود ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت بین الاقوامی سازش کا نشانہ ہیں لیکن ان شا اللہ ہم چیزیں ٹھیک کرلیں گے ،

انہوں نے کہا کہ جس طرح (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنی پانچ سالہ مدت پوری کی اسی طرح پی ٹی آئی کی حکومت کو بھی اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، سازشوں سے عمران خان کو نہیں ہٹایا جا سکتا، عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کرتے ہیں۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس بلانے کا اسپیکر صاحب ہی بتاسکتے ہیں