سندھ ہاؤس حملہ:مقدمہ کے اندراج کیلئے تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست دائر،گرفتار پی ٹی آئی کارکنان رہا


اسلام آباد (صباح نیوز)گزشتہ روز پاکستان تحریک کے اراکین قومی اسمبلی اور کارکنوں کی جانب سے سندھ ہاؤس پر حملہ کے معاملہ پر مقدمہ کے اندراج کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ دو پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی 80کارکنوں کے ہمراہ سندھ ہاؤس آئے اور حملہ کیا اور گیٹ نمبردوتوڑ دیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اراکین قومی اسمبلی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سندھ ہاؤس میں رہائش پزیر ہیں ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، شہباز گل کی جانب سے اپوزیشن کو دھمکیاں دی گئیں اور کارکنوں کو مشتعل کیا۔

وفاقی وزراء نے وزیر اعظم کی ہدایت پر ہمارے اوپر حملہ کیا ہے۔ دہشت گردی پھیلانے پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

درخواست پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ کیا جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔ جبکہ گزشتہ روز سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو رہا کردیا گیا۔

علاقہ مجسٹریٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کو شخصی ضمانت ملنے پر رہا کیا گیا۔ ملزمان کے خلاف کارسرکار میں مداخلت اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے 13گرفتار کارکنوں کو علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ علاقہ مجسٹریٹ نے شخصی ضمانت پر گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کو رہا کردیا۔