تحریک عدم اعتماد صرف موجودہ حکومت ہی نہیں بلکہ پورے نظام کے خلاف عوام کے عدم اعتماد کا اظہار ہے، محمدحسین محنتی


 کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے تحت آٹا،چینی،گھی،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے، ظالما نہ مہنگائی اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر اعلانیہ 101 دھرنوں کے سلسلے میں ملک بھر کی طرح  ٹنڈوآدم میں بھی پریس کلب کے سامنے عوامی دھرنا دیا گیا، دھر نے میں پارٹی کارکنان کے علاوہ ظالم نظام کے ستائے ہوئے عوام نے شرکت کی۔ شرکاء نے مہنگائی ختم کرو، عوام کو جینے کا حق دو، مارگئی مہنگائی حکمرانوں عوام کو ریلیف دینے کے وعدے پورے کرو  ور نہ کرسی چھوڑ دو کے نعرے لگا رہے تھے۔

دھر نے سے امیر  جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد صرف موجودہ حکومت ہی نہیں بلکہ پورے  نظام کے خلاف عوام کے عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ موجودہ فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت ملک کو بحرا ن اور عوام کو مسائل سے  نجات دلانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ محض چہروں سے  نہیں بلکہ  نظام کی تبدیلی سے ہی ملک ترقی اور عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں اس لیے جماعت اسلامی جعلی نظام و امام دونوں کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کی تحریک کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان کو حقیقی معنیٰ میں ایک اسلامی جمہوری اور فلاحی ملک بنانے کا خواب پورا ہوسکے۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی نااہلی اور ناجائزمنافع خوری کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان  اورناجائز ٹیکسوں کی بھر مار ہے،امن و امان کی مخدوش صورت حال ہے چوری ڈکیتی عام ہے موٹر سائیکل چوریوں کی وارداتیں عام ہیں۔ جس کی وجہ سے ایک طرف عوام عدم تحفظ کا شکار تو دوسری جانب منشیات، جوا، شراب، گٹکا عام ہے جس کی وجہ سے نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ رہی ہے مگر جرائم،منشیات اور جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی۔

صوبائی امیر کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی نظام کے قیام اور خوشحال پاکستا ن کیلئے جدوجہد کررہی ہے عوام اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے اس میں مزید اضافہ کیا ہے۔مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ کیا۔سندھ کے تعلیمی ادارے بچیوں کیلئے مقتل گاہ بن گئے ہیں۔پروین رند سمیت کئی طالبات پریشا یوں سے دوچار ہیں۔پولیس کا کام جرائم پیشہ منشیا ت فر وشوں کا تحفظ نہیں بلکہ ا ن کی سرکوبی ہے۔ پولیس کا کام لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے چوری ڈکیتی اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانا ہے.ٹنڈوآدم میں تعلقہ اسپتال میں مریضوں کیلئے کوئی خاص سہولت نہیں ہے دوائیں  نہیں اور نہ ہی بجٹ بڑھایا جاتا ہے ٹنڈو آدم میں این آئی سی وی ڈی کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔جوہر آباد میں مسائل ہی مسائل ہیں نہ وہاں اسپتال،  نہ کالج، نہ بینک اور نہ ہی دنیاکی کوئی ب بنیادی سہولیات میسر ہیں نہ ہی انڈر پاس یا فلائی اوور ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے کہاکہ ٹنڈوآدم کے منتخب  نمائندوں نے ٹنڈوآدم شہر کے ساتھ بڑی ناا صافی کی ہے عوام اب ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں مظلوم کی حمایت کریں اور ظالم کا ہاتھ پکڑیں۔دھرنے کے شرکاء سے امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ محمد رفیق منصوری، نائب امراء مشتاق احمد عادل، محمد طفیل راجپوت،جنرل سیکریٹری عبدالغفورانصاری سندھ پاک تحریک کے سربراہ شاہ جہاں جونیجو اور مقامی امیر عبدالستار انصاری نے خطاب کیا۔