کینسر کی جعلی ادویات بیچنے کا الزام ، رمیش کمار وانکوانی نے شہباز گل کو قانونی نوٹس بھجوا دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی ن نے کینسر کی جعلی ادویات بیچنے کا الزام لگانے پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور شہباز گل کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

قانونی  نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل 15 دن میں رمیش کمار سے معافی مانگیں اور 10 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔ نجی ٹی وی  کے مطابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے اپنے وکیل ثاقب جیلانی کے ذریعے شہباز گل کو نوٹس بھجوایا، جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل نے ٹی وی شو میں انتہائی نامناسب زبان استعمال کی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے کینسر کی جعلی ادویات بیچنے کا بے بنیاد الزام لگایا، انہوں نے یہ سارے الزامات سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے لگائے۔وکیل نے کہا کہ ہمارے مکل 2002 سے سیاست میں ہیں اور 2005 میں پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن انچیف ہیں اور پاکستان میں ہندوبرادری کے فعال رہنما ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے موکل  نے ہمیشہ پاکستان کے قومی اہمیت کے معاملات پر ہمیشہ صف اول میں ہوتے ہیں، سیاست دان اور پاکستان میں ہندو برادری کے رہنما کی حیثیت سے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

شہباز گل کو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 17 مارچ کو آپ نے ہمارے  موکل  کے خلاف  نجی ٹی وی  کے پروگرام میں عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر نامناسب زبان استعمال کی ۔تحریک عدم اعتماد پر ووٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہمارے مکل کا تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مقف پہلے ہی سامنے آچکا ہے کہ انہیں وزیراعظم کی ناقص پالیسیوں پر اعتراض ہے، جس سے ملک کا معاشی اور سماجی نقصان ہوا ہے۔رمیش کمار نے نوٹس میں کہا کہ شہباز گل 15 دن کے اندر معافی مانگیں اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں قانونی کاروائی کا آغاز کیا جائے گا۔