اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ سیاست کے موجودہ چہرے آزمائے ہوئے اور ملک کو اس نہج تک پہنچانے کے ذمہ دار ہیں، اسمبلیوں میں مو جود ممبران کا ایک مخصوص طبقہ اسٹبلیشمنٹ کے آلہ کا ر کا کردار داد کرتا ہے ، دولت کی بنیاد پر سیاست کرنے والے اقتدار میں آ کر مال ہی جمع کرتے ہیں،پی ٹی آئی ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی تر جیحات میں ملک اور عوام کی بھلائی شامل نہیں،
انھوں نے کہا وزیراعظم جان لیں کہ جب نظریاتی جدوجہد کی بجائے بیساکھیوں کا سہارا لیا جائے گا تو کشتی اسی طرح بیچ منجدھار ڈوب جاتی ہے، قوم سٹیٹس کو اور استعمار کے وفاداروں کا ساتھ مت دے، عوام نے 74برس سے ان پر اندھا اعتمادکیا، نتیجہ سب کے سامنے ہے، ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل 5بھارہ کہو کے دورے کے موقع پر بلدیاتی اُمیدواروں کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔
اس موقع پر ناظم زون غلام سرور، اور عزیزالرحمن بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔میاںمحمد اسلم نے کہا تبدیلی کے دعوے دار بری طرح بے نقاب ہو گئے، پی ٹی آئی نے مدینہ کی ریاست کے نام پر قوم کو دھوکا دیا ،قرضوں کی معیشت مہنگائی اور کرپشن نے کروڑوں افراد کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا،موجودہ مفادات کی لڑائی سے عام آدمی کو کوئی دلچسپی نہیں،غریب آدمی کو کھانے اور مہینے کے بلوں کی فکر ہے،
انھوں نے کہاجماعت اسلامی مفادات کی سیاست میں الجھنے کی بجائے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ قوم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروںکا ساتھ دینے کی بجائے جماعت اسلامی کی ہمقدم بنے۔