کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 20مارچ کو مزار قائد سے تاریخی حقوق کراچی کارواں نکالا جائے گا ۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو موجودہ سیاسی بھونچال میں عوامی حقوق کی جدو جہد کر رہی ہے ، کراچی سے مینڈیٹ لینے والی پارٹیاں ذاتی مفادات اور گھنائونی سیاست کے سوا کچھ نہیں کر رہی ، کارکنان و ذمہ داران حقوق کراچی کارواں کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش و جدوجہد کریں ، کارواں میں عوام اپنی فیملی کے ہمراہ شریک ہوں گے ، کارواں کے سلسلے میں شہر بھر میں کیمپ لگائے جائیں اور عوام سے زیادہ سے زیادہ رابطہ کیا جائے ،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور ذمہ داران کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کارواں مزار قائد سے لسبیلہ ، گلبہار ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، نارتھ کراچی ، ناگن چورنگی ، سہراب گوٹھ اور فیڈرل بی ایریا سے ہوتا ہواسپر مارکیٹ لیاقت آباد ختم ہوگا ،جماعت اسلامی کی مسلسل جاری حقوق کراچی تحریک سے کراچی کے عوام کی بڑی تعداد نے جماعت اسلامی کی طرف رجوع کیا ہے ،ملکی سطح پر عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں ایک سیاسی بھونچال ہے جومیڈیا کی زینت بناہوا ہے لیکن اصل مسائل کی طرف کسی کی توجہ نہیں ہے ،عدم اعتماد کی تحریک کی وجہ سے شہریوں میں پھر سے مایوسی پھیلنے لگی ہے ،کراچی میں بڑھتی ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے خلاف سوائے جماعت اسلامی کے کسی نے آواز نہیں اٹھائی ، بلدیاتی انتخابات قریب آرہے ہیں ، میں جماعت اسلامی کراچی ،حلقہ جات وعلاقہ جات کے ناظمین و ناظمات ، تمام کارکنان اور ذمہ داران سے کہتا ہوں کہ سوشل میڈیا کے ذریعے سے حقوق کراچی کارواں کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش اور جدو جہد کریں ۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو موجودہ صورتحال میں عوام کی بات کررہی ہے ،کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے لیے گرین لائن منصوبہ بنا وہ بھی ادھورا بنا ،اورنج لائن منصوبہ مکمل نہیں ہورہا،کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیا جارہا ،کے-4پانی کا منصوبہ 65کروڑ ملین گیلن یومیہ کا تھا اسے وفاقی حکومت نے 24کروڑ ملین گیلن یومیہ کردیا ہے اور اس کا بھی کچھ پتانہیں ہے کہ یہ منصوبہ مکمل بھی ہوگا یا نہیں ،کراچی سے مینڈیٹ حاصل کرنے والی جماعتیں ذاتی مفادات اور گندی سیاست کے سواکچھ نہیں کررہی ہیں ،قومی سطح پر انسانوں کی منڈی لگی اور خرید وفروخت کا بازار لگایا ہواہے ،ایم این ایز اور ایم پی ایز چوکوں اور چوراہوں پر بیٹھے ہوئے اور ان کی بولیاں لگائی جارہی ہیں ،ایسے موقع پرجماعت اسلامی ایسے گندے کھیل کا حصہ نہیں بن رہی ۔ ہم عوام کی ترجمانی کرنااور خدمت کرنا چاہتے ہیں ۔حقوق کراچی کارواں کے اختتام پر آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔