اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے ناراض اراکین قومی اسمبلی کو منانے کا ٹاسک وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، منحرف ارکان کو راضی کر لیں گے، اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد پر ناکامی سے دوچار ہونا پڑے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے وزیراعظم کو اتحادیوں سے ملاقاتوں کا مشورہ دیا جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتحادیوں سے ملاقاتیں کی ہیں اور مزید بھی ہوں گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ناراض پارٹی اراکین کو منانے کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دیتے ہوئے کہا کہ ناراض ارکان کے تحفظات فوری طور پر دور کئے جائیں۔