اسلام آباد(صباح نیوز) اپوزیشن سے روابط رکھنے والے پی ٹی آئی کے مرد اور خواتین ایم این ایز کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو اہم تفصیلات پیش کردی گئی ہیں، جس میں قومی اسمبلی کے تمام ارکان خصوصا پی ٹی آئی ممبران کے حوالے سے مفصل تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو پیش کی گئی رپورٹ میں تحریک انصاف کے ایک درجن کے قریب ارکان قومی اسمبلی کی اپوزیشن کے ساتھ جھکاؤ اور معاملات طے کرنے کی تفصیلات بھی شامل ہیں اور بتایا گیا ہے کہ جن حکومتی ارکان نے اپوزیشن سے پینگیں بڑھائیں ان میں مردوں کے ساتھ خواتین ایم این ایز بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کچھ ایسے ممبران اسمبلی اپوزیشن کے ساتھ مل گئے ہیں جو پہلی بار ایوان میں آئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے ہاؤس ان آرڈر کرنے کے مشورے پر بھی سنجیدہ غور شروع کردیا گیا ہے، جبکہ ناراض ارکان سے حکومتی اعلی سطح پر بھی رابطے کئے جارہے ہیں اور ناراض سے حکومت کی جانب سے گلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ نے اپنا سیاسی کیریئر داؤپر لگا دیا، لوگ بھی معاف نہیں کریں گے۔ جبکہ ناراض ارکان کی جانب سے جواب دیا گیا ہے کہ ایسا کچھ نہ ہوگا لوگ جلد بھول جاتے ہیں، آئندہ کی صورتحال دیکھ کر فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ کے بعد حکومت نے بھی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لئے اپنی حکمت عملی کو تیز کردیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کے دباؤ کو کسی صورت خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
حکومتی اعلی سطح اجلاس میں سیاسی استحکام کی خاطر باہمی مذاکرات کی تجویز پر بھی غور ہو کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی اعلی قیادت کو تفصیلات پیش کرنے پر کئی سنیئر رہنما ہکے بکے رہ گئے ہیں، جبکہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کور کمیٹی اور اہم وفاقی وزرا ء و اعلی عہدیدار مسلسل رابطے میں ہیں۔