لاہور(صباح نیوز)لاہور میں قاتل ڈورنے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، آئی جی پنجاب نے ایس ایچ اواقبال ٹاؤن توقیرانجم کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔
پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ہے ، رات گئے اقبال ٹاؤن میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت دانیال یاسر کے نام سے ہوئی، دانیال کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ جانبرنہ ہو سکا۔سی سی پی اوفیاض احمددیو نے اقبال ٹاؤن میں ڈور پھرنے سے شہری دانیال کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی۔
سی سی پی اولاہور نے قیمتی انسانی جان کے نقصان پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا پولیس انسدادپتنگ بازی ایکٹ پرسختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی
نوجوان کے تایا نے بتایا کہ دانیال کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی، متوفی والدین کا اکلوتا سہارا اور دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، پولیس پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کرے۔پولیس کے مطابق دانیال کی نعش کومردہ خانے منتقل کردیاگیا ہے ، ورثاء کی درخواست پر پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ اواقبال ٹاؤن توقیرانجم کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔وزیراعلی پنجاب نے گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ غفلت کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، پتنگ بازی پرپابندی کے قانون پرعملدرآمد یقینی بنایاجائے، پولیس پتنگ بازی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرے، کاغذی کارروائی نہیں چلے گی، زیروٹالیرنس پالیسی اختیارکی جائے۔