پاکستان کو اسلاموفوبیا کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے حوالے سے کہا ہے کہ آج میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا، وزیر اعظم کی ہدایت پر میں نے اس معاملے کو نیامے میں منعقد ہونیوالے، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس میں اٹھایا،نیامے میں ہونیوالے اجلاس میں زمین ہموار ہوئی اور ہم نے امہ کو اس مسئلے پر یکجا کیا اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف متفقہ قرارداد منظور ہوئی،اس کے بعد اقوام متحدہ میں قرارداد پاکستان نے پیش کی،

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے،نفرت انگیز بیانیے کو لگام دینی چاہیے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ الحمدللہ دنیا نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا ہے اور ہماری تجویز پر یہ فیصلہ ہوا ہے کہ ہر سال پندرہ مارچ کے دن کو اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے طور پر منایا جائے گا،

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان کو اسلاموفوبیا کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، میں اس کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں