مونس الٰہی کو گرفتار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،نیب کی وضاحت


اسلام آباد(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب )نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مونس الٰہی کو گرفتار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

گزشتہ روز پرویز الٰہی نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا تھا کہ ہماری طرف سے وفاداری کی گئی لیکن ان کی طرف سے دھمکیاں آ رہی ہیں۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا نیب کو کہا گیا کہ مونس کو پکڑو، خان صاحب نے سب سے ہاتھ کیا ہے، ساڑھے 3 سال انہوں نے کوئی کارکردگی نہیں دکھائی۔

اب اس حوالے سے نیب کا وضاحتی بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر مونس الٰہی کے خلاف اس وقت نیب میں کوئی انکوائری زیر التوا نہیں، مونس الٰہی کو گرفتار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں نیب کے بارے میں تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں، مونس الہی کو گرفتار کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔