الیکشن کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی جرم ، عمران خان کو سزا ملنی چاہئے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی جرم ہے، عمران خان کو سزا ملنی چاہئے ۔ الیکشن کمیشن ضابط اخلاق کی شقوں 234، 233، 181 کے تحت عمران صاحب کے خلاف کارروائی کرے۔

ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن ایس 233 کے تحت عمران صاحب کو سزا دی جائے۔ ایک طرف پوری قوم، آئین اور قانون ہے دوسری طرف عمران خان تنہا کھڑے ہیں ۔ آج تقریر میں اربوں کی غیر قانونی فارن فنڈنگ ، ذاتی ملازمین کے ذرائع منی لانڈرنگ کا حساب لے کر آئیں۔ آج تقریر میں معاشی تباہی ، بے روزگاری اور مہنگائی کا اعمال نامہ لے کر آئیں ۔ آج تقریر میں ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھروں کا حساب لے کر آئیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی آئین، قانون اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے خلاف صریحا ًجنگ ہے۔