اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 10لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کی تکلیف کو چھوڑیں، میں چیلنج کرتا ہوں آج ہی قومی اسمبلی کااجلاس بلائیں اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کر الیں۔عمران خان سب کا وقت ضائع کررہا ہے اب اس کا اپنا وقت ختم ہو گیا ہے ۔ 172ارکان قومی اسمبلی سے بہت زیادہ لوگ تحریک عدم اعتماد کی حمایت کریں گے لیکن اس کے پیچھے پاکستان کے کروڑوں عوام ہیں جنہوں نے ایم این ایز کو مجبور کیا ہے کہ وہ اس نااہل، بے حس اورسلیکٹڈ حکومت سے ان کی جان چھڑائیں۔
ان خیالات کااظہار سید مراد علی شاہ نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نوری آباد پاور پلانٹ کرپشن ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
کیس کی سماعت احتساب عدالت نمبر تین کے جج سید اصغر علی نے کی۔ دوران سماعت مراد علی شاہ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت شریف ملزمان سلطان فاروق اور مسعود نقوی کے وکلاء نے نیب ریفرنس چیلنج کردیا۔ نیب کی جانب سے شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر جواب عدالت میں پیش کردیا گیا۔ جبکہ نیب پراسیکیوٹر کی عدم حاضری کے باعث عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی 21اپریل تک ملتوی کردی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 10لاکھ بندے جمع کرنے کی بات کم کی ہے انہوں نے ایک کروڑ نوکریاں دی ہیں وہ ایک کروڑ بندہ تو آئے گا ، اس نے50لاکھ گھر بنائے ہیں ، ایک گھر میں پانچ، چھ لوگ ہوتے ہیں، ان کے لئے تین، چارکروڑ بندے لانا تو کوئی بات ہی نہیں ۔ ملک اور صوبہ سندھ کی بہتری کے لئے ہم ہر سیاسی جماعت سے جو مینڈیٹ رکھتی ہو اس سے بات کرنے اوراس کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔
سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ کیس کی سماعت کے لئے17ملزمان کراچی سے آتے ہیں اور حاضری لگاتے ہیں آج نیب پراسیکیوٹر کی عدم حاضری کے باعث کیس نہیں چل سکا، اگلی تاریخ ہمیں 21اپریل کی دی گئی، رمضان شریف ہو گااور آخری عشرہ ہو پھر عدالت کے سامنے حاضر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی ہمارے ساتھ ملاقات ہوئی تھی اور ایم کیوایم والے مطالبات یا پیپر بنا کر لائے تھے اور اسے پی پی پی چیئرمین بلال بھٹو زرداری نے پڑھا تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ مجھے کوئی ایسا مطالبہ نظر نہیں آرہا جس کے اندر ہمیں اختلاف ہو، کچھ پوائنٹس ہیں جن کی ہمیں ورڈنگز دیکھنا پڑیں گی۔ ملک اور صوبہ سندھ کی بہتری کے لئے ہم ہر سیاسی جماعت سے جو مینڈیٹ رکھتی ہو اس سے بات کرنے اوراس کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے عوامی مارچ میں اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی جماعتوں نے شرکت کی تھی اب ہماری قیادت پی ڈی ایم کے مارچ میں شرکت کا فیصلہ کرے گی۔
چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان نے بدلنے کے لئے بھی کوئی اورشخص رکھا ہوا تھا، عمران خان نے جو ظلم پاکستان کی عوام کے ساتھ ساڑھے تین سال میں کیا ہے اب اور گنجائش نہیں ، پہلے ہی بہت ہو چکا ہے۔ تحریک عد م اعتماد کا معاملہ28یا29مارچ سے آگے نہیں جاسکتا۔