اسلام آباد(صباح نیوز)ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز جماعت اسلامی پاکستان اور سابق ممبر قومی اسمبلی عائشہ سید نے جماعت اسلامی خواتین کے تحت ھونے والے ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی عورت کو وہی حقوق چاہئیں جو آج سے چودہ سو سال پہلے نبی کریم ؐ نے عورت کو دیئے تھے کیوں کہ عورت محفوظ ہونے سے مضبوط خاندان بنتا ہے اور مستحکم معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو قوانین خواتین کی بہبود کے لئے موجود ہیں۔خصوصا وراثت کے قوانین ،حکومت ان پر عملدرآمد کروائے ۔مختلف شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کو مردوں کے برابر تنخواہ دی جائے ۔۔ہراسمنٹ سے بچاؤکے اقدامات کیے جائیں ۔پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والی خواتین کو وہی حقوق اور مراعات ملنے چاہئیں جو گورنمنٹ اداروں میں کام کرنے والی خواتین کو دی جاتی ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ عورت کے مسائل پہ آواز اٹھائی ہے ۔قانون سازی کے اداروں میں جماعت اسلامی ہمیشہ خواتین کے حقوق کی پاسدار رہی ہے،جماعت اسلامی خواتین کے کاموں کی قدردان بھی ہے اور ان کے لئے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں بھی۔
اس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران نزہت ،روبینہ نے خواتین کو تلقین کی کہ رمضان المبارک قریب ھے،لہذا زیادہ سے زیادہ قرآن سے جڑیں تاکہ فلاح حاصل ھو۔عائشہ سید نے آخر میں کہا کہ جماعت اسلامی کی پارلیمنٹ میں زیادہ نمائندگی خواتین کے حقوق کے زیادہ سے زیادہ تحفظ کی ضمانت ہے۔