غیر ملکی فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی کی التوا کی درخواست مسترد


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریکِ انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت میں التوا کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور اور شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے جبکہ معاون وکیل پیش ہوئے۔معاون وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ انور منصور کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئے لیکن انہیں شدید بخار ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انور منصور باہر ملک نہیں گئے تھے، وہ کراچی میں تھے، انہوں نے گذشتہ سماعت پر کہا تھا کہ وہ بیرونِ ملک جا رہے ہیں، آپ بار بار کیس کا التوا مانگتے ہیں، 7 سال سے کیس زیرِ سماعت ہے۔

پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے کہا کہ ہم نے سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر اپنا جواب جمع کرا دیا ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سماعت کے التوا کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کر دی۔