حالات حاضرہ سے باخبر رہنا اور پھر پریشانی سے بچنے کیلئے سانوں کی کا استعمال ایک شاندار فارمولہ ہے ۔ اگر آپ خوش رہنا چاہتے ہیں تو اس فارمولے کو یاد کرلیں۔ ہاوسنگ سوسائٹی کا اشتہار مکمل تفصیل سے پڑھیں 5، 8، 10 مرلہ اور 1،2،4 کنال کے پلاٹ ان کی قیمتیں ایڈوانس ، ماہانہ اقساط سب تفصیل پڑھ کر سانوں کی کہہ کر اس اشتہار پر مٹی ڈال دیں اور اپنی زندگی کے مزے لیں،
ضرورت رشتہ کا اشتہار مکمل دلچسپی سے پڑھیں ، انگلینڈ نیشنیلٹی ہولڈر 20 سالہ پرکشش لڑکی کیلئے کسی بھی عمر کے لڑکے کی تلاش ہے بے شک ذہنی یا جسمانی معذور ہو، طلاق یافتہ یا شادی شدہ ہو، لڑکے کو انگلینڈ ہم سیٹل کروائیں گے رابطہ مسز خان۔
اب پڑھنے کے بعد سوچنے کی بھی ضرورت نہیں یے بس سانوں کی کہہ کر اگلا اشتہار پڑھنا شروع کردیں ۔ اشتہار برائے تبدیلی نام ۔ میرا نام اللہ دتہ عباسی ہے۔ جو کہ اب میں نے تبدیل کرکے اے ڈی عباسی رکھ لیا ہے تمام کاغذات میں درستگی کی جائے، شاباش پڑھ لیا اب سانوں کی کے الفاظ ادا کریں کیونکہ سانوں کی اے کون اے
اے ڈی عباسی۔
اگلا اشتہار بڑا زبردست ہے گاڑی برائے فروخت ٹیوٹا وی 8 برائے فروخت امپورٹ 2021 رجسٹرڈ 2022 فلی آٹومیٹک قیمت فائنل چار کروڑ صرف سیریس خریدار رابطہ کریں۔ شکریہ اتنی ڈیٹیل شیئر کرنے کا پر سانوں کی کہہ کر ٹینشن فری ہوجائیں ۔
اخبار کی لیڈ سٹوری پڑہیں میں ان تین چوہوں کو نہیں چھوڑوں گا جو میرا شکار کرنے چلے ہیں ۔ وزیراعظم
احتیاط سے چوہوں کے نام پڑھیں اگر ان میں آپکا نام نہیں ہے تو سکون سے کہیں سانوں کی اور اگلی خبر کی طرف چل نکلیں۔ سپر لیڈ ہے وزیراعظم استعفیٰ دے دیں گے ۔
تو غور کریں کہیں آپ ملک کے وزیراعظم تو نہیں ہیں یا انکے استعفیٰ سے آپ کی نوکری پر کوئی فرق تو نہیں پڑتا بس پھر وہ بات کہیں سانوں کی اور مزے کریں۔ خبر تھی کہ ہندوستان کا میزائل چیچاوطنی میں آکر گرا۔ اس میزائل کو ہم نے 100 کلومیٹر انڈیا سے ٹریک کرنا شروع کیا اس کے لانچ پیڈ کو بھی دیکھ لیا ۔ ہم اس میزائل کو فضا میں بھی تباہ کر سکتے تھے ۔ پر ہم نے سانوں کی فارمولے پر عمل کیا اور ہندوستان کو پریشان کردیا۔ کہ ہم نے ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود اس میزائل کو روکا کیوں نہیں ۔ اب خود ہندوستان کی پریشانی کا عالم سوچیں کیا ہوگا۔ پر سانوں کی
ہندوستان کو ہم سرپرائز دیں گے ایک دن جب ہم مودی کے کان میں ٹھاہ کرکے اس کے تراہ نکال دیں گے ۔ جب وہ پوچھے گا یہ کیا حرکت ہے تو ہم بھی کہہ دیں گے چاچا ڈر گیا چاچا ڈر گیا پر سانوں کی ۔
میرے وزیراعظم آلو اور ٹماٹر کی قیمتیں پوچھنے نہیں آئے۔ بلکہ جب انکو بتاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ میں ایک صادق اور امین وزیراعظم ہوں ، قیمت نال سانوں کی
وزیراعظم صاحب کہتے ہیں کہ ایک دن ملکی حالات پر پریشان تھا کہ خاتون اول نے کہا آپ کچھ کریں آپ ملک کے وزیراعظم ہیں میرے منہ سے نکل گیا سانوں کی ۔
ہر سیاسی جماعت کے پاس 172 ممبر ہیں اور ٹوٹل 172 ہی جماعتیں ہیں۔ 172 ہی وزیراعظم کے امیدوار ہیں، 172 صدر کے امیدوار اور اسی طرح باقی عہدوں کے۔ پر سانوں کی نہ ہم ممبر قومی اسمبلی نہ ہم وزیراعظم کے امید وار فر گل تے او ای اے سانوں کی۔
ہماری حکومت کا خاصہ ہے کہ ایک ناکام وزیر کی وزارت بدل کر اسکو دوسری وزارت دے دیتے ہیں ۔ شاید اسی طرح پنجاب کے کامیاب ترین وزیراعلیٰ کو پنجاب سے بدل کر سندھ کا وزیراعلیٰ بنا دیں یا پھر ہنگامی بنیادوں پر صوبہ جنوبی پنجاب بنا کر وزیراعلیٰ کی ٹرانسفر وہاں کر دیں۔ پر سانوں کی ۔
کھانا، رہائش، علاج سب فری ہوچکا ہے پھر پریشانی کیا ہے بس اتنا ہی تو کہنا ہے ۔ سانوں کی
طویل ترین ریسرچ کے بعد پتہ چلا ہے کہ انگریزی میں جس کو کی آف سکسیس کہتے ہیں وہ سانوں کی ہی ہے۔ اب تو ڈسکوری چیننل، نیشنل جیوگرافک، بی بی سی، سی این این اور بہت سے چیننل سانوں کی پر فلمیں بنا رہیں ہیں۔ مزید ریسرچ جاری ہے اسکے لئے دیکھئے حقیقت ٹی وی پر ۔ سانوں کی