فیصلہ کرچکے ہیں ساتھیوں سے حتمی مشاورت کررہے ہیں۔ چودھری پرویز الہی


اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ اگر حزب اختلاف کا ساتھ دیا تو وزارتوں سے مستعفی ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ق کے مشاورتی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ آئین و قانون بڑا واضح ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کو اس پر عمل کرنا چا ہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا فیصلہ کرچکے ہیں تاہم اس پر اپنے ساتھیوں سے حتمی مشاورت کررہے ہیں۔

چودھری پرویز الہی نے کہا کہ مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی مل کر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد میں گئے تو وزارتوں سے استعفی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج جہانگیر ترین گروپ کے عون چوہدری ملاقات کے لیے آئے تھے، اگلے دو دن میں وہ بھی ہمیں اپنی حمایت کا بتائیں گے۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنی کوششیں جاری رکھنا چاہئیں۔