عمران خان نے ملک میں محاذ آرائی کو فروغ دیا،ادارے تباہ کر دئیے۔ احسن اقبال


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی سے بہتر پاکستان کی تباہی کے مشن پہ کام کرنے والا پاکستان دشمنوں کو دستیاب نہیں ہو سکتا جس نے اپنی نااہلی،نالائقی،انا پرستی، غرور اور نفرت کی سیاست سے ملک کی معیشت کا ستیاناس کر دیا ہے،ملک میں محاذ آرائی کو فروغ دیا،ادارے تباہ کر دئیے، سیاسی اور بنیادی حقوق پامال کئے۔

ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کے نمبرز اور عمران نیازی کے اقتدار کے دن پورے ہوچکے ہیں۔ قوم کو پیشگی مبارک ہو، ان پر مسلط عذاب کو گھربھجوانے کا بندوبست مکمل ہوچکا ہے۔ عمران نیازی کو سرپرائز بس ملنے ہی والا ہے، بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ ان خیالات کااظہار رانا ثناء اللہ خان نے اتوارکے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ ایسے ایسے لوگ عدم اعتماد کی حمایت میں ووٹ دیں گے کہ عمران خان کو اپنی زندگی کا سب بڑا جھٹکا لگے گا۔عدم اعتماد کے نمبرز اور عمران نیازی کے اقتدار کے دن پورے ہوچکے ہیں۔گیم اوور اور عمران نیازی کی سیاست کا دی اینڈ ہوچکا ہے۔

جبکہ (ن)لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ٹویٹ پر جواب۔ “راہ عدم اعتماد میں روتا ہے کیا ۔ آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا”۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد سے بنارسی ٹھگوں کے ٹولے کو گھر بھیجنا ہے ۔ عمران صاحب اور کرائے کے ترجمانوں کی چیخیں بنتی ہیں، انجام جو نظر آگیا ہے۔ پاکستان کا ایک ہی “بدقسمت لیڈر” ہے جسے پوری قوم گھر بھجوانا چاہتی ہے، وہ ہیں عمران صاحب۔ عمران صاحب اور کرائے کے ترجمانوں کے بیانات بجھتے چراغ کی آخری پھڑپھڑاہٹ ہے ۔ پوری قوم کا مقصد صرف آپ سے نجات ہے، قوم کا وقت اور وسائل مزید نہ کریں، سامان تو آپ باندھ چکے ہیں، اب گھر جائیں۔