اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 15 مارچ کے بعد عمران خان کی پوزیشن اور بہتر اور واضح ہو جائے گی۔ اپوزیشن کا کام ہی وہی ہے جو وہ کررہی ہے، جب ہم بھی اپوزیشن میں تھے ایسی ہی بڑھکیں مارتے تھے، عمران خان کہیں نہیں جارہا وہ پانچ سال پورے کرے گا۔ ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا تاہم اگر ضرورت پڑی تو گرفتار کریں گے، جو قانون کو ہاتھ میں لے گا توقانون اس کو ہاتھ میں لے گا، یہ شیخ رشید کی بڑی واضح پالیسی ہے۔ ملک انارکی کی طرف جارہا ہے، ملک کو جمہوریت کی طرف جانا چاہئے ، عدم اعتماد کا فیصلہ ہونا چاہئے ، وزارت داخلہ فیصلہ کرے گی کہ ہمارا اور اپوزیشن کا جلسہ ایک دن اورایک ہی جگہ ہوا تو وزارت داخلہ بہتری کا راستہ نکالے گی کہ کون کس جگہ پر جلسہ کرے۔
ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں خواتین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ 15تاریخ کے بعد عمران خان کی پوزیشن اور بہتر اور واضح ہو جائے گی، میں23تاریخ کے بعد روز میڈیا کو خبر دیا کروں گا۔اجلاس بلانے کا فیصلہ سپیکر قومی اسمبلی نے کرنا ہے، 15کے بعد فیصلہ کر لیںگے،21اور22مارچ کو اوآئی سی وزرائے خارجہ کی کانفرنس ہے اور22سے24مارچ تک ہم نے لوکل چھٹی دی ہے تاکہ باہر سے جو وزرا خارجہ آرہے ہیں ان کی ہم زیادہ نگہداشت اورخدمت کرسکیں۔ہم چاہتے ہیں کہ اتحادیوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں، انسان کو امتحان کے وقت دوستوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا اللہ بھی اس کو عزت دے گا اورقوم بھی اس کو عزت دے گی، ہم چٹان کی طرح اس کے ساتھ کھڑے ہیں، سائے کی طرح اس کے ساتھ کھڑے ہیں
مسلم لیگ ق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں نے گذشتہ روز نہ چوہدریوں کا نام لیا اور نہ (ق)لیگ کا نام لیا، مسئلہ یہ ہے کہ جب میں بات کردوں گا تو وہ بے شک میرے حق میں یا مخالفت میں جاتی ہے تو وہ24گھنٹے چلتی ہے۔ چوہدری شجاعت ہمارے لیے بڑے ہیں،اللہ تعالی اس کو صحت دے میں کبھی اس کے خلاف بات نہیں کروں گا۔ 23سے30تک سات دن بڑے اہم ہیں اور وزارت داخلہ کھلی رہے گی ، لوگ اچھی اور کامیابی کی خبریں سنیں گے۔ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور انشا اللہ تعالی عمران خان جیتے گا لیکن انارکی ہے ، جیتنے کے بعد بھی لوگ باتیں کریں گے، جیتنے سے پہلے بھی لوگ باتیں کررہے ہیں اورآپس میں اتنا تناؤ نہیں ہونا چاہئے
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں تلخیوں کی طرف نہیں بڑھنا چاہئے۔ میں سات روز کے لئے ایف سی اور رینجرز بھی طلب کی ہے اور آرٹیکل245کے تحت فوج کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے لیکن مجھے امید ہے اس کی ضرور ت پیش نہیں آئے گی اور مسئلہ خوش اسلوبی سے طے ہوجائے گا۔ میں مولانا فضل الرحمان کا نام احترام سے ہی لوں گا اور میں کسی کو لڑنے کی اجازت نہیں دوں گا۔ اگر کوئی انصار الاسلام، بیت الاسلام اور ملیشیا فورس اسلام آباد آئی تو کچل کررکھ دوں گا، ووٹ ڈالیں آکر پوراتحفظ دیں گے۔