عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی،فرخ حبیب


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔

اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ کنونشن میں شریک اووسیزپاکستانی حقیقی طور پرمہمان خصوصی ہیں،اوورسیزپاکستانی ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ ہم کسی کو ناراض نہیں کرنا چاہتے، اپنے تعلقات کو بہتر چاہتے ہیں، عمران خان نے آزا دانہ خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے، انہیں پرچیوں کی ضرورت نہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان پاکستانیوں کی عزت اور تکریم کے لئے ہر حد تک جانے کے لئے تیار ہیں، پی ٹی آئی نے پہلی دفعہ پولیٹیکل فنڈ ریزنگ کا کانسپٹ متعارف کرایا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ زرداری،بلاول،مریم صفدر کو دعوت ہے کہ وہ آئیں دیکھیں کنونشن میں فارن فنڈنگ والے بیٹھے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہم اس لیڈر کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہیں جہاں پر ہم اپنا سینہ چوڑا کر کے فخر سے بات کرسکتے ہیں کہ عمران خان اور ان میں فرق ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے 40سالہ کمائی بیرون ملک سے کرکٹ میں کی، عمران خان کے ڈر سے ڈاکوئوں کا گلدستہ آپکو نظر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے عمران خان  اقتدار میں آئے ہیں،اووسیز پاکستانیوں کو مزید عزت سے دیکھا جارہا ہے، پاکستان بھی معاشی طور پر اپنے پائوں پر کھڑے ہونے جارہا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ماضی میں 20، 20کروڑ لے کر وزارتیں اور عہدے بیچے جاتے رہے، الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی کو فوری فعال کرے تا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فارن اکائونٹس کی پڑتال  ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نظریے، ہمت،جرات کا نام ہے جو نہ جھکتا ہے اور نہ قوم کو جھکنے دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے صحت انصاف کارڈ، کم آمدن ہائوسنگ، احساس پروگرام سمیت تمام اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔