عدم اعتمادکی تحریک صرف موجودہ حکومت نہیں بلکہ پورے فرسودہ نظام کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار ہے،محمدحسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عدم اعتمادکی تحریک صرف موجودہ حکومت نہیں بلکہ یہ پورے فرسودہ نظام کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار ہے۔،صرف حکومت وچہرے نہیں جب تک نظام وامام دونون تبدیل نہیں ہوں گے ملک وقوم کی تقدیر بدل نہیں سکتی۔جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے جو ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ نے گذشتہ فیصلوں پرپر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی جبکہ اجلاس میں ملک و سندھ کی سیاسی صورتحال،بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ سمیت مختلف تنظیمی امور پر غور کیا گیا۔

صوبائی امیرکا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو نازک صورتحال پر لاکر کھڑا کر دیا ہے۔ہرحکومت کی طرح موجودہ حکومت بھی عدم برداشت کا شکار اور صحافت کا گلاگھونٹنے کے لیے قانون سازی کرنے میں مصروف ہے۔حزب اقتدار اور حزب اختلاف میں شامل سیاسی قیادت ایک دوسرے کی مخالفت میں جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ قابل تشویش اور یہ اسلام، جمہوریت اور دینی اقتدار کے بھی خلاف ہے۔پورے ملک خاص طور سندھ میں بدامنی ، غربت ، بے روزگاری اور بھوک وافلاس نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں14سال سے تسلسل کے ساتھ قائم صوبائی حکومت نے کوئی ڈلیور نہیں کیا ہے۔ سندھ کے عوام آج کے جدید دور میں پینے کے لیے صاف پانی کی نعمت سے بھی محروم ہے۔جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خاتمے ، اسلامی نظام کے نفاذ اور آئینی و دستوری طور پر ملک کو چلانے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ موجودہ حکومت کے علاوہ ماضی میں بھی کسی حکومت نے ملک وقوم کے مسائل حل نہیں کئے ہیں۔ اسلئے ہم سمجھتے ہیں کہ عدم اعتماد کی تحریک صرف موجودہ حکومت ہی نہیں بلکہ یہ پورے نظام کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ہے ۔

 دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے سینئر صحافی و اسکالر فرہاد زیدی کی وفات پردلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔