تحریک عدم اعتماد: حکومت یا اپوزیشن؟ مسلم لیگ( ق ) کل فیصلہ کرے گی


لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ ق کے اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس   کل اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا، جس میں وزیراعظم کی تحریک عدم اعتماد سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق  اجلاس چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر3 بجے ہوگا۔اجلاس کی صدارت چوہدری پرویز الہی کریں گے ، جس میں اراکین قومی اسمبلی اورچوہدری شجاعت بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اورتحریک عدم اعتمادپرغورہوگا اور مسلم لیگ ق وزیراعظم کی تحریک عدم اعتمادسے متعلق فیصلہ کریگی۔پارلیمانی پارٹی نے فیصلے کے تمام اختیارات چوہدری پرویزالہی کو دے رکھے ہیں۔

علاوہ ازیں ہفتہ کو اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کی سربراہی میں مسلم لیگ(ق) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے سینئر رہنماوں  نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں پنجاب کی موجودہ صورتحال اور ترین گروپ کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کی موجودہ صورتِ حال اور ترین گروپ کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شرکا نے رائے دی کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی سے کوئی بھی اتحادی خوش نہیں، ق لیگ کو جلد اپنا سیاسی فیصلہ کرنا ہو گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کو چوہدری پرویز الہی نے دیگر حکومتی اتحادیوں سے رابطوں پر اعتماد میں لیا۔پرویز الہی نے اجلاس میں کہا کہ ملکی مفاد اور اپنے سیاسی مستقبل کو دیکھتے ہوئے مشاورت سے فیصلے کریں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ق لیگ کے اجلاس میں دیگر حکومتی اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔اجلاس میں شرکا نے رائے دی کہ یہ نہ ہو کہ دیر ہو جائے اور اِدھر کے رہیں نہ ادھر کے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری شجاعت بھی مرکزی حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہیں۔چوہدری شجاعت کا موقف ہے کہ ہمیں اپنے کارکنوں اور پارٹی کو مایوس نہیں کرنا ہے۔اجلاس کے دوران پنجاب میں وعدے پورے نہ ہونے پر شرکا نے اظہارِ تشویش بھی کیا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتی اتحادیوں کا آئندہ 2 سے 3 روز میں مشترکہ پریس کانفرنس میں بڑے اعلان کرنے کا امکان ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری اور وزیر مملکت فرخ حبیب پر مشتمل حکومتی کمیٹی نے چوہدری برادران سے ملاقات کی۔ملاقات میں پرویز الہی اور مونس الہی شریک ہوئے ۔ چوہدری شجاعت گھر پر ہی موجود تھے لیکن انہوں نے ملاقات میں شرکت نہیں کی۔

حکومتی کمیٹی نے چوہدری برادران کی اپوزیشن قیادت سے ملاقاتوں پر شکوہ کیا تو چوہدری پرویز الہی نے جوابی شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی ہمارے سیاسی مخالفین گجرات کے لیگی اراکین اسمبلی سے رابطے میں ہیں۔حکومتی کمیٹی نے کہا کہ دوسرا فارمولا یہ ہے ایسا وزیر اعلی لائیں جس پر آپ اور ترین گروپ متفق ہوں۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران نئے وزیر اعلی پنجاب کے لیے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا نام زیر غور آیا۔چوہدری برادران نے حتمی جواب کے لیے اتوار تک کا وقت مانگ لیا۔

حکومتی کمیٹی کو بتایا گیا کہ کل( اتوار کو )شام 7 بجے مونس الہی بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کریں گے، جس میں وہ پی ٹی آئی قیادت کو اپنے حتمی فیصلے سے آگاہ کریں گے۔۔