وزیراعظم ہر کسی سے تصادم کے لئے تیار ہیں،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے وہ ہر کسی سے تصادم کے لئے تیار ہیں۔ وہ جس طرح کی زبان اور لہجہ استعمال کر رہے وہ بہت ہی حیران کن ہے۔اگر اپوزیشن سے کسی نے نیوٹرل کی اس طرح تشریح کی ہوتی تو حکومت نے سر پر آسمان کھڑا کر دینا تھا۔ حکومت ساڑھے تین سال کہتی رہی ادارے نیوٹرل ہیں۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم خود کہتے ہیں وہ کسی بلاک کا حصہ نہیں نیوٹرل ہیں۔ دعو یٰ کرتے ہیں کرکٹ میں نیوٹرل امپائر انہوں نے ہی متعارف کرایا۔ اب کہتے ہیں نیوٹرل تو صرف جانور ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے پہلے کہا عدم اعتماد ان کے خلاف عالمی سازش ہے اب کہتے ہیں ان کی دعا قبول ہو گئی ۔

انہوں نے کہاکہ اپنے ہی بیان سے یو ٹرن لینا ان کی عالمی پہچان بن چکی ہے۔ عدم اعتماد سے بچنے کی ان کی منصوبہ بندی ملک کو کشیدگی اور آئینی بحران کی طرف دھکیل رہی ہے۔ بوکھلاہٹ میں یہ غلط زبان اور منصوبے بنا رہے ہیں۔ مصنوعی اکثریت پر قائم اس حکومت کے دن اب گنے جا چکے ہیں۔