رشید گوڈیل نے پی ٹی آئی سے راستے جداکرلئے


کراچی(صباح نیوز)تحریک انصاف کی کارکردگی سے دلبرداشتہ رشید گوڈیل نے پارٹی کو خیرآباد کہہ دیا ۔ وہ گذشتہ ڈیڑھ سال سے غیر فعال اور گھر پر ہیں۔

سابق رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ میں تحریک انصاف چھوڑ چکا ہوں، اب سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔رشید گوڈیل نے کہا کہ تحریک انصاف چھوڑ کر کسی سیاسی پارٹی میں نہیں جارہا میں اب اپنے کاروبار پر دھیان دوں گا۔

سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ کراچی کی ترقی، استحکام اور مسائل کے حل کے لیے تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا البتہ وزیراعظم عمران خان کراچی کے لیے کچھ نہیں کرسکے۔رشید گوڈیل نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ میں تین گروپس کام کررہے ہیں جسکی وجہ سے پارٹی اور کارکنان کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

واضح رہے کہ رشید گوڈیل نے 2018 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی وہ پارٹی میں سینئر نائب صدر کے عہدے پر بھی اپنی ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں۔