اسلام آباد(صباح نیوز)سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا 48 واں اجلاس خاص اہمیت کا حامل ہے۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے ریذیڈنٹ ‘او-آئی-سی’ مشنز کے سربراہان سے ملاقات کی جس میں سیکریٹری خارجہ نے 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
دسمبر 2021 میں ‘او-آئی-سی’ وزرا خارجہ کونسل کے سترویں (17) غیر معمولی اجلاس کے انتہائی کامیاب انعقاد میں ‘او-آئی-سی’ مشنز کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے قیام پاکستان کی پچھترویں (75) سالگرہ پر ہونے والے اڑتالیسویں اجلاس کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اس خوشی کے موقع پر اپنے معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔سیکرٹری خارجہ نے اجلاس کے لئے منتخب کردہ عنوان “اتحاد، انصاف اور ترقی کے لئے شراکت داری” کو اجاگر کیا جو امت مسلمہ کے اتحاد، تمام مسلمانوں کے لئے انصاف کے حصول کے مقصد اور ‘او-آئی-سی’ کے رکن ممالک میں ترقی کے فروغ کے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔ اس وژن کے تحت پاکستان ‘او-آئی-سی’ اور دنیا بھر میں تعاون اور شراکت داری استوار کرنے کا خواہاں ہے۔
‘او-آئی-سی’ وزرا خارجہ کونسل کے سترویں (17) غیرمعمولی اجلاس میں افغانستان میں درپیش انسانی صورتحال سے متعلق ‘او-آئی-سی’ کی قیادت میں افغانستان کے لئے ‘ہیومینیٹیرین ٹرسٹ فنڈ’ کے قیام، سیکریٹری جنرل ‘او-آئی-سی’ کے نمائندہ خصوصی کی تقرری، کابل میں ‘او-آئی-سی’ مشن کو مضبوط بنانے کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے زور دیا کہ اڑتالیسواں اجلاس اس ضمن میں قرارداد کی منظوری کے بعد سے اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
‘ہیومینیٹیرین ٹرسٹ فنڈ’ کو فعال کرنے کے لئے اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے تیاریوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے ٹرسٹ فنڈ کے لئے رکن ممالک اور افغانستان کے عالمی شراکت داروں کی جانب سے ٹھوس وعدوں سے متعلق زور دیا۔ ایسے اعلانات ‘او-آئی-سی’ کے ضرورت کی اس گھڑی میں افغان عوام کی مدد کے اجتماعی مقصد میں مرکزیت رکھیں گے۔’او-آئی-سی’ مشنز کے سربراہان کو 22 اور 23مارچ 2022 کو وزرا خارجہ کونسل کے پروگرام اور انتظامی تیاریوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ وفود کے تمام سربراہان کو یوم پاکستان پر 23 مارچ 2022 کو ہونے والی روایتی پریڈ میں “مہمانانِ خصوصی” کے طور پر مدعو کیا جائے گا۔اڑتالیسویں وزرا خارجہ کونسل کا اجلاس امت مسلمہ کے مفاد کے امور پر ‘او-آئی-سی’ کی پوزیشن کو مربوط و موثر بنائے گا۔ یہ اسلامی تعاون اور یک جہتی کے فروغ میں پاکستان کے فعال کردار کی تائید و توثیق کا بھی باعث ہوگا۔