این سی او سی کو بند کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز) حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق حکومت پاکستان این سی او سی کو رواں ماہ کے اختتام پرغیر فعال کرنے جا رہی ہے، یکم اپریل سے ملک میں کرونا کی صورت حال کی مانیٹرنگ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)اسلام آباد کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ادارہ صحت کا سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کرونا مانیٹرنگ کرے گا،

واضح رہے کہ سی ڈی سی قومی ادارہ صحت میں اصلاحات کے بعد تشکیل دیا گیا تھا، اور یہ تاحال مکمل فعال نہیں ہے۔ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ این سی او سی سے ریکارڈ کی سی ڈی سی منتقلی کا عمل جاری ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر مارچ 2020 میں تشکیل دیا گیا تھا،

این سی او سی کو ڈیٹا فراہمی میں پولیو ای او سی نے اہم کردار ادا کیا تھا، نیشنل ویکسینیشن اسٹریٹجی کی تیاری کا سہرا بھی این سی او سی کے سر ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ ہیں، اور این سی او سی قومی کرونا رابطہ کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہے