الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو لوئر دیر میں جلسے سے روک دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پرنظرثانی کرتے ہوئے وزیراعظم کو لوئر دیر میں جمعہ کو ہونے والے جلسے میں شرکت سے روک دیا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پرنظرثانی کا فیصلہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعدکیاگیا ہے۔تمام ارکان پارلیمنٹ کوانتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت ہو گی جبکہ پبلک آفس ہولڈرزپرانتخابی مہم میں حصہ لینے پرپابندی رہے گی۔ ای سی پی کے ساتھ ہونے والے مشاورتی اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے سوا حکومتی اتحادیوں سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی قانون میں حالیہ ترمیم کے ذریعے اہم عوامی عہدیداروں کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دینے کی مخالفت کی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں تقریبا 17 سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس کے دوران آئندہ عام انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق کے مسودے پر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے رائے طلب کی گئی تھی۔ جس میں زیادہ تر جماعتوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق میں آرڈیننس کے ذریعے کی گئی حالیہ تبدیلی کی مخالفت کی، حکمران جماعت پی ٹی آئی کے سوا تمام سیاسی جماعتوں کا کہنا تھا کہ عوامی عہدیداروں کو انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روکا جانا چاہیے۔

پی ٹی آئی کے نمائندوں کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ ای سی پی صدارتی آرڈیننس کو مدنظر رکھتے ہوئے ضابطہ اخلاق کو ریگولیٹ کرے، ان کا اصرار تھا کہا کہ آئین کے تحت کسی بھی شہری سے نقل و حرکت کی آزادی چھینی نہیں جا سکتی۔ تاہم زیادہ تر دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے رائے دی کہ قانون سازوں کو ان علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے جہاں انتخابات ہونے ہیں اور وہاں انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جا چکا ہو۔وزیراعظم عمران خان نے آج  لوئردیرمیں جلسہ کرناتھا، الیکشن کمیشن نے انہیں جلسے سے روک دیا۔

وزیراعظم کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 مارچ کو خود یا بذریعہ وکیل الیکشن کمیشن پیش ہونے کی ہدایت کردی۔نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی جانب سے جاری کیاگیا ہے۔

گورنر، وزیراعلی خیبرپختونخوا، اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر، وزیرخارجہ شاہ محمود، مرادسعید، وفاقی وزیر پرویزخٹک اور صوبائی وزیر انور زیب کوبھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں وزیراعظم نے وفاقی وزرا کے ہمراہ ضلع دیر میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا،

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو دیر کا دورہ کرنے سے منع کیاتھا تاہم ای سی کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نے دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ31مارچ کوشیڈول ہے۔