اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم نے عوامی مارچ کے دباؤ میں پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب حکومت نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 5.94 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس غیر معمولی اضافے سے صارفین پر 58ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے وزیراعظم کے فیصلے سے یو ٹرن لے لیا ہے۔ اب پیٹرول کی قیمتوں پر بھی یو ٹرن لیا جائے گا۔ تباہی سرکار نے عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ حکومت کے تمام رلیف پیکج جھوٹ پر مبنی ہیں۔ اس حکومت میں رلیف صرف امیروں کو ملا ہے۔ عوام کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔