کارکن رہا ہو چکے ، احتجاج کی ضرورت نہیں،مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کارکن رہا ہو چکے ، احتجاج کی اب ضرورت نہیں۔ تحریک عدم اعتماد سے حکومت کوگھر بھیجیں گے، رہائی نہ ملنے کی صورت میں ہم نے دوبارہ سڑکوں پر آنے کے لیے فیصلہ کیا تھا لیکن اب اسکی ضرورت باقی نہیں رہی۔

عوام اور کارکنوں کے نام اہم آڈیوپیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صبح ہونے سے پہلے ہی تمام ممبران قومی اسمبلی اور کارکن رہا ہوچکے، جس پر کارکنوں اور عوام کو اس فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں اور عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہماری آواز پر لبیک کہتے ہوئے فوری رد عمل دیا اور پورے ملک کو ایک گھنٹے سے کم وقت میں جام کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں اسلام آباد پولیس نے تمام قوانین اور اخلاقیات کو روندتے ہوئے دھاوا بولا، ممبران پارلیمنٹ پر بلاجواز تشدد کیاگیا، قوم کے منتخب نمائندوں کو گھسیٹتے ہوئے گرفتار کیا جبکہ ان کے مہمانوں کو زدوکوب اور گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کی غلط تصویر اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ قوم کے سامنے رکھ کر تاریخ کے صفحات پر اپنے سیاہ کردار کی پردہ پوشی کی بھونڈی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ جمعةالمبارک کے اجتماعات میں شکرانہ کے نوافل ادا کریں، آئندہ بھی اللہ تعالی سے فتح و نصرت کے لیے اجتماعی اور انفرادی دعاؤں کا خاص اہتمام کریں کیونکہ رجوع الی اللہ ہماری کامیابیوں کی ضمانت ہے۔ اللہ سے امید ہے کہ آئندہ بھی اور خاص طور پر عدم اعتماد کی تحریک میں ہمیں اللہ کامیابی عطا کرے گا، ان نااہل، نالائق اور ناجائز حکمرانوں سے اللہ قوم کو نجات عطا کرے گا۔