پارلیمنٹ لاجز آپریشن ، جے یو آئی کے گرفتار اراکین قومی اسمبلی اوررضا کاررہا


اسلام آباد (صباح نیوز)پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن کے بعد گرفتار کئے گئے جمعیت علمائے اسلام  (ف)کے تمام رضاکاروں اور2 اراکین قومی اسمبلی کو رہا کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے تمام کارکنوں کو شخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کیا گیا،رہائی کے بعد جے یوآئی( ف) کے کارکن اور دونوں ایم این ایز تھانہ آبپارہ سے روانہ ہو گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آج  ساڑھے 6بجے جاری کردہ ایک بیان میں جے یو آئی(ف)  ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ قیادت کی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے گرفتار ایم این ایز اور رضاکاروں کو رہا کر دیا گیا، تمام کارکنوں کو مبارکباد اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)میں شامل تمام جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین وکارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی پولیس نے گذشتہ رات پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن کے دوران ایم این اے جمال الدین اور مولانا صلاح الدین ایوبی سمیت 21افراد کو حراست میں لیا تھا۔

بعدازاں پارلیمنٹ لاجز آپریشن میں جے یو آئی کے رہا ہونے والے کارکنوں نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پرملاقات کی

مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کا استقبال کیا۔ ان کے جذبے کو سراہا اوردعا بھی کرائی۔آبپارہ پولیس نے جے یوآئی کے زیرحراست 2 اراکین پارلیمنٹ اور گرفتار15 کارکنوں کو رہاکردیا۔ تمام افراد کوشخصی ضمانتوں پر رہا کیا گیا۔