تیمرگرہ دیرپائن (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عملاً ناکام ہو گئی۔ پورے ملک کی عوام حکمرانوں سے تنگ ہے۔ ملک تباہی کے دہانے پرپہنچ گیا۔ مہنگائی، بے روزگاری کے طوفان نے لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن کر دیا۔ موجودہ اور سابقہ حکمران تباہی میں برابر کے ذمہ دار ہیں۔ ملک کو جان بوجھ کر اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا۔ سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کی خاطر صف آرا ہیں، کوئی اسلامی نظام اور عوام کی بات نہیں کر رہا۔ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے۔ عوام کے حقوق کے لیے ایک سو ایک دھرنوں کی تحریک جاری ہے۔ ملکی مسائل کا حل شفاف انتخابات میں ہے۔ انتخابات میں دھونس، دھاندلی اور دولت کی ریل پیل کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا۔ الیکشن متناسب نمائندگی کے اصولوں کے تحت ہونے چاہییں۔ مختلف جمہوریتوں میں متناسب نمائندگی کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ قوم ان لوگوں کا ساتھ دے جو ملک میں قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق اصلاحات لانے کی بات کر رہے ہیں۔ سٹیٹس کو سے نجات کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ جاگیرداروں اور وڈیروں سے خیر کی کوئی توقع نہیں۔ استعمار کے وفاداروں نے ملک کو اپنی جاگیر بنایا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے تبدیلی اور مدینہ کی ریاست کی بات کر کے عوام کو دھوکا دیا۔ وزیراعظم نے نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کیے، وزیراعظم بتائیں ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر بنانے کے بلند و بانگ دعوؤں کا کیا بنا؟ حکمران طبقہ ایک دفعہ پھر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ قوم ان کی نوراکشتی اور چالوں کو سمجھ چکے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی اسلامی انقلاب برپا کرے گی۔ عوام کی طاقت سے ملک کو خوشحالی اور امن دیں گے۔ اقتدار میں آ کر عدالتوں، ایوانوں اور تعلیمی اداروں میں قرآن کا نظام لائیں گے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کرپشن فری اسلامی پاکستان کے لیے ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیمرگرہ دیرپائن میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ امیر ضلع دیر پائن اعزاز الملک افکاری بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔سراج الحق نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور انھیں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کا آغاز کرنے پر مبارک باد دی۔ انھوں نے خیبرپختواہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 31مارچ کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لائے گی۔ ملک میں نام نہاد جمہوری حکومتوں اور فوجی حکمرانوں نے عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھا۔ 74سالوں میں ملک میں ایک دن کے لیے بھی اسلامی نظام نہیں آیا۔ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا، مگر اسے سازش کے تحت دین اسلام سے محروم رکھا گیا۔ ظالم حکمران اشرافیہ کو ڈر ہے کہ اگر ا سلام آ گیا تو ان کا کڑا احتساب ہو گا اور وہ جیلوں میں ہوں گے۔ دین آئے گا تو خوشحالی آئے گی، سب کو یکساں نظام تعلیم ملے گا، غریب اور امیر کا بچہ ایک ہی سکول اور کالج میں تعلیم حاصل کرے گا۔ صحت اور انصاف لوگوں کو دہلیز پر ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ فرسودہ نظام سے جان چھڑائی جائے اور اہل اور ایمان دار قیادت کو ملک کی خدمت کا موقع ملے۔ عوام سانپوں کو مزید دودھ پلا کر اژدھے مت بنائیں۔ ظالم کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی عظیم مقصد کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم انسانوں کی دنیا اور آخرت میں فلاح و کامیابی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ قوم ہمارے ساتھ چلے ان شاء اللہ ملک کو عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔