اسلام آباد(صباح نیوز)صدر عارف علوی سے کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سٹیفن ٹوئگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،صدر مملکت نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ میں پارلیمنٹ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ باہمی تعاون کے فروغ کیلئے دولت مشترکہ کے ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے،
صدر مملکت نے وفد کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ کی جانب سے اٹھائے گئے قانون سازی کے اقدامات کے بارے میں بتایا،صدر نے کہاکہ خواتین کی مالی اور سماجی شمولیت کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو حق خودارادیت دینے کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں کرسکا ،
صدر مملکت نے دولت مشترکہ کے رکن ممالک میں پارلیمانی تعاون کے فروغ میں سی پی اے کے کردار کو سراہا،سٹیفن ٹوئگ نے صدر کو پاکستانی ماہرین تعلیم، طلبا اور اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا،سٹیفن ٹوئگ نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔