وقت آ گیا ہے کہ ظالم اشرافیہ کے خلاف بھرپور عوامی جدوجہد کا آغاز کیاجائے۔ میاں محمد اسلم


اسلام آباد (صباح نیوز ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ ظالم اشرافیہ کے خلاف بھرپور عوامی جدوجہد کا آغاز کیاجائے، عوام الیکشن میں جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کرے اور ملک کی خدمت کا موقع دے جماعت اسلامی عوام کے محرومیوں کا ازالہ کر ے گی ،کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کریں، الیکشن اپنے جھنڈے اور انتخابی نشان ترازو پر لڑیں گے،

انھوں نے کہا تینوں بڑی پارٹیوں سے وابستہ افراد کے نام عالمی کرپشن کے سکینڈل میں آئے ہیں،  جماعت اسلامی کا دامن کرپشن سے پاک، ہمارے ایک فرد نے کبھی قرضہ معاف نہیں کرایا نہ ہمارے نام پاناما لیکس اور پنڈورا پیپرز میں آئے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی نائن کی یونین کو نسلوں کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر چوہدری ساجد اقبال ، عبد السبحان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔میاں محمد اسلم نے کہاچار سال ہونے کو ہیں لیکن موجودہ حکومت اپنا وعدہ وفا کرنے کی بجائے مہنگائی، ریکارڈ بیرونی قرضوں اور آٹا،چینی، پیٹرول مافیاز کے ذریعے سے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، عمران خان عوام پر رحم کریں اور استعفیٰ دیکر گھر چلے جائیں، نااہل اور نالائق حکمران اب ملک کیلئے سیکورٹی رسک بن چکے، پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیۖ کے نفاذ میں ہے، ڈکٹیٹروں اور نام نہاد جمہوری ادوار میں عوام کی محرومیوں، مایوسیوں میں اضافہ ہواہے ، پی ٹی آئی مدینہ ریاست کا نعرہ لگا کر آئی اور قوم کے ساتھ سب سے بڑا فراڈ کیا۔ حکومت کی تمام پالیسیاں ریاست مدینہ کے نظریہ کے الٹ ہیں۔