اعدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا، عمران خان


اسلام آباد(صبح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا پلان تیار کررکھا ہے اپوزیشن کو سمجھ نہیں آنی،عدم اعتماد پر تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے،پریشانی کی کوئی بات نہیں، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی،پرویز خٹک، اسد عمر، شفقت محمود ، حماد اظہر، فرخ حبیب کے علاوہ قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے سے متعلق مشاورت ہوئی، اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی،

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔جبکہ سینئر رہنماؤں نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کی تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنائیں گے، ان کے غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے جبکہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے، ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، اپوزیشن کو کچھ دن خوش ہو لینے دیں ہم سرپرائز دیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ میں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں، ایسا پلان تیار کررکھا ہے ان کو سمجھ نہیں آنی، پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اب بھی کروں گا۔

عمران خان نے کہاکہ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر قابو پا لیں گے، تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔