اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو عبرتناک شکست ہوگی، اپوزیشن والے قوم کے سامنے پھر بے نقاب ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہرشکست کے بعد اپوزیشن کا نیا بیانیہ آجاتا ہے،چند دن بعد پھر آئے گا۔مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کامعاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا، انہوں نے دنیا کوبتایا ڈرون حملوں سے دہشتگردی میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دنیاا خود مختار قوم کی عزت کرتی ہے، عمران خان نے دنیا میں ہر پاکستانی ،کشمیر کی نمائندگی کی ہے، شہباز شریف کا اصل مسئلہ مقصود چپڑاسی ہے، جواب دیں چپڑاسیوں کے اکائونٹس میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے؟۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کیں، شہباز شریف کہتے ہیں یورپ کو ناراض کردیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے ہی خطاب میں کہا تھا یہ سب اکٹھے ہوجائیں گے اور اپوزیشن نے عمران خان کو ایک بار پھر ٹھیک ثابت کیا۔انہوں نے کہا کہ پرچی چیئرمین مارچ کررہے ہیں،انکو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے، ایک پرچی کو بنیاد بنا کرآگئے ان کو کچھ نہیں آتا۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ اپوزیشن والے قوم کے سامنے پھر بے نقاب ہوں گے، تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو عبرتناک شکست ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اور سیاسی میدان میں اپوزیشن کو شکست دی جبکہ عمران خان نے گلگت بلتستان میں بھی اپوزیشن کو شکست دی۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن صرف ٹی وی ٹی وی کھیل رہی ہے جبکہ عمران خان کی حکومت مزید ابھر کر سامنے آئے گی۔