محمود الحق کو آپریٹو سوسائٹی کے متاثرہ الاٹیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، حافظ نعیم الرحمن


کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی مختلف رہائشی سوسائیٹوں کے متاثرہ الاٹیز کے ساتھ ہے ۔ محمود الحق کو آپرٹیو سوسائٹی کے متاثرہ الاٹیز کو بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ زمینوں پر جائز اور قانونی حقداروں کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں سے رابطہ کیا جائے گا ۔ متاثرین کی ہر قسم کی قانونی مدد کی جائے گی ۔ عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا اور ضرورت پڑی تو احتجاج بھی کیا جائے گا ۔ حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے مزاحمتی کردار اور جدو جہد اہم محاذ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں گلشن محمود الحق کوآپریٹوسوسائٹی اسکیم 33سیکٹر 26/اے ,27/اے,48/اےکے متاثرہ الاٹیز کے ایک بڑے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی کراچی نجیب ایوبی ، ضلع شرقی کے صدر قطب احمد، پبلک ایڈ کمیٹی کے عدنان، سوسائٹی کے سیکریٹری محمد وسیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مذکورہ کو آپریٹو سوسائٹی کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی اور پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ معاملے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیتے ہوئے جدو جہد اور کوشش کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سوسائٹیز پر لینڈ مافیائوں کے قبضے کے خلاف جدو جہد ایک چومُکھی لڑائی ہے ۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی طرف سے بھی ریلیف کی توقع نہ صرف بہت کم ہے بلکہ بد قسمتی سے ان کی طرف سے متاثرین کے بجائے لوگوں کا حق مارنے والوں کی سرپرستی کی جاتی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ متاثرین ہمارے پاس آئے ہیں اور ان کو بھی ہم سے بڑی امیدیں اور توقعات ہوئی ہیں اور یہ یقین ہوتا ہے کہ جماعت اسلامی در پردہ کسی قسم کی کوئی سودے بازی نہیں کرتی ۔ بحریہ ٹاؤن کا مسئلہ ہویا کے الیکٹرک اور نادرا کے حوالے سے ہم نے عوام کی حقیقی ترجمانی کی ہے اور کسی اور پارٹی نے ان کے خلاف کوئی آواز نہیں اُٹھائی ۔ جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ ہم متاثرہ الاٹیز کے مسائل حل کرانے کی ہر  ممکن کوشش کریں گے اور اہل کراچی کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد بھی جاری رکھیں گے ۔