باغ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اللہ کے دین کے قیام اور اسلامی فلاحی ریاست کے لیے جدوجہد کررہی ہے کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی ہمارا ہدف ہے ،قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی دنیا اور آخرت میں سر خرو ہوسکتے ہیں،امت آج جن مسائل کا شکار ہے اس کی بڑی وجہ قرآن سے دوری ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب امیر ارشد ندیم ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان نے خطاب کیا
اجلاس میں نو منتخب امیر ضلع میجر تصور گردیزی نے حلف اٹھایا ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خا ن نے کہاکہ اللہ کے اس پیغام کو اللہ کے بندوں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے آپ وہ گل ہائے سرسبد ہیں جن کو اللہ نے اپنے دین کے غلبے کی جدوجہد کے لیے منتخب کیا ہے اللہ کے اس پیغام کو ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچائیں موثر لوگوں کو تحریک میں شامل کریں لوگوں کے مسائل کے ترجمان بنیں.
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی کے دونوں محاذوں پر بیک وقت مصروف عمل ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر ہمارے بھائیوں کے ساتھ مظالم کی انتہا ہورہی ہے عالمی برادری کی خاموشی سے شہ پا کر ہندوستان اور مظالم ڈھارہا ہے.
انہوں نے کہاکہ اس اہم اور نازک مرحلے پر گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی سٹیٹس دینے کی باتیں تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچارہی ہیں غلط فہمیاں جنم لے رہی ہیں لیکن جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔