ہماراخاندانی نظام ہمارا فخراورسرمایہ ہے،اسماء سفیر 


کراچی(صباح نیوز)ہماری اقداروروایات اورہماراخاندانی نظام ہمارا فخراورسرمایہ ہے۔معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اسکی حفاظت کرنا ہوگی۔یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر نے حلقہ خواتین کی جانب سے منائی جانے والی مہم عشرہ تکریم نسواں اور مضبوط خاندان کے آغاز پر اپنے خصوصی بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے اپنی بنیادوں سے پہچانے جاتے ہیں۔ ہمارے گھروں میں بزرگوں کی عزت اور بچوں سے شفقت کا نظام مثالی ہے۔جدید ترقی کے نام پر ہماری بنیادیں متاثر ہو رہی ہیں۔اس سلسلے میں والدین اساتذہ اور حکومت سب پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔معاشرے کے ذمہ داروں کو تباہی سے بچنے کے طریقے سوچنے ہوں گے۔نئی نسل کو محفوظ اور مضبوط مستقبل دینے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

اسما سفیر نے کہا کہ جماعت اسلامی جہاں شہر کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کر رہی ہے وہیں ساتھ ہی ساتھ گھریلو مسائل اور مشکلات کو حل کرنے میں سب سے آگے ہے۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے تحت شہر میں ہزاروں درس و تدریس کے مراکز،ویمن کونسلز سینٹرز آوٹ ادارے قائم ہیں جہاں عام خواتین کو قرآن وسنت سے جوڑ کر  ان کے بنیادی مسائل حل کئے جاتے ہیں۔

اسماء سفیر نے بتایا عشرہ تکریم نسواں میں پورے شہر میں خاندانی نظام اور تکریم نسواں کے عنوان سے پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔8 مارچ کو کراچی پریس کلب پر شہر کی نمائندہ خواتین واک،12 مارچ کو جے آئی یوتھ کی ویمن کانفرنس مقامی ہال میں، جب کہ ملک کی محنتی،ضرورت مند، عورتوں کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لیے مختلف فورمز کا انعقاد کیا جائے گا۔جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شرکت کریں گی۔

یاد رہے اس سلسلے کا خصوصی پروگرام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی کے ساتھ کراچی کی چینلز اور اخبارات سے وابستہ خواتین صحافیات کے لیے 10 مارچ بروز جمعرات مقامی ہوٹل میں خصوصی نشست بھی رکھی جا رہی ہے۔