اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے سابق ترجمان ندیم افضل چن نے پاکستان پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے سابق ترجمان ندیم افضل چن کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے معاملات طے پا گئے ہیں، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری اتوار کو لاہور میں ندیم افضل چن کی رہائش گاہ جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی آمد پر ندیم افضل چن پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد ندیم افضل چن پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کنٹینر پر سوار ہوجائیں گے، وہ کچھ عرصہ قبل حکومتی عہدوں سے الگ ہو گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے سابق ترجمان نے تمام صورتحال کو جائزہ لینے کے بعد واپس پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ندیم افضل چن پہلے بھی پیپلز پارٹی میں رہ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ ندیم افضل چن نے گزشتہ سال 13 جنوری کو وزیر اعظم کے ترجمان کے عہدے سے استعفی دیا تھا۔ ندیم افضل چن نے اختلافات کے باعث عہدے سے استعفی دیا تھا۔ وزیر اعظم نے جنوری 2019 میں ندیم افضل چن کو معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔ انہوں نے اپریل 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔