کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے کمر توڑ مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔موجودہ حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے نااہل اور بدعنوان حکمران کبھی کوئی تبدیلی نہیں لا سکتے۔
ایک طرف وفاقی حکومت پاکستان کو آئی ایم ایف کے سپرد کرچکی ہے تو دوسری جانب مسلسل اقتدار کے مزے لوٹنے والی پارٹی نے سندھ کو کھنڈر بناکررکھ دیا ہے، روڈ راستہ خراب امن و امان کی صورتحال انتہائی خطرناک غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محراب پور میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی تاکشمور سندھ کے عوام بھوک، بدحالی، بیروزگاری ،قبائلی تصادم اور اسٹریٹ کرمنلز کے رحم وکرم پر جبکہ سندھ کے حکمران لانگ مارچ کے نام پر سندھ کے خزانے کی لوٹ مار میں مصروف ہیں، سندھ کے عوام بار بار وڈیروں اور جاگیرداروں کو ووٹ دیکر اقتدار تک پہنچاتے لیکن وہ اقتدار میں آکر یہاں کے لوگوں کا استحصال کرتے ہیں۔
سندھ سمیت ملک کے تمام مسائل کا حل دیانتدار قیادت ہی حل کرسکتی ہے جس کیلئے اب عوام جماعت اسلامی کو موقع دیں،جماعت اسلامی اپنا ایک بے داغ اور شاندار ماضی رکھتی ہیں جماعت اسلامی نے اقتدار کے نہ ہوتے ہوئے بھی اس ملک میں عوام کی خدمت کی ہے،ہمیں موقع ملا تو ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خرچ ہوگی۔ جماعت اسلامی کے پاس باصلاحیت و باکردارلوگوں کی ایک مکمل ٹیم موجود ہے جو پاکستان کو ترقی کے سفر پر گامزن کرسکتی ہے۔
، حکومتی نالائقیوں اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے 101 دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں جماعت اسلامی سندھ 04مارچ کو سکھر میں شاندار دھرنا دیکر آغاکردیا ہے،ملک کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کے قیا م میں مضمر ہے.اسلامی نظام کے قیام تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے. اس موقع پر امیر جماعت اسلامی محرابپور نعیم احمد کمبوہ پریس سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع نوشہروفیروز ندیم احمد غوری اور کراچی کے سینئر صحافی مصور چوہدری بھی موجودتھے۔